شہباز شریف لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک کی خراب صورتحال پر شدید برہم ،متعلقہ اداروں کی سخت سرزنش

شہباز شریف لاہور سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک کی خراب صورتحال پر شدید برہم ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لاہور سمیت صوبے کے بڑے شہروں میں ٹریفک نظام کی خراب صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اوراس ضمن میں متعلقہ اداروں کی سخت سرزنش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کو اب جاگنا ہوگا، زبانی جمع خرچ کی بجائے کام کرکے دکھانا ہوگا اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی۔ ٹریفک جام اور سڑکوں پر عوام کو گھنٹوں انتظار کی کوفت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب حکومت نے متعلقہ اداروں اور محکموں کو وسائل فراہم کئے ہیں تو انہیں نتائج بھی دینا ہوں گے۔ صوبہ بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری، سڑکو ں کی کشادگی، فلائی اوورز اور انڈرپاسز کی تعمیر سے ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آنے کی بجائے آج بھی عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جو کہ قابل افسوس ہے۔ وہ آج یہاں لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں ٹریفک نظام کی صورتحال اور اسے بہتر بنانے کے حوالے سے اصلاحات کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج لاہور سمیت صوبے کے دیگر بڑے شہروں میں عوام کو ٹریفک کے مسائل کا سامنا ہے اور انہیں گھنٹوں انتظار کی کوفت سے گزرنا پڑتا ہے۔ عوام کے ساتھ سرکاری ملازمین، طلبا و طالبات اور دیگر طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی دفاتر میں بروقت پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔ آبادی بڑھنے کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کے نئے چیلنجز پر پورا اترنا اور اس مقصد کیلئے جامع منصوبہ بندی کرنا متعلقہ اداروں اور محکموں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود ٹریفک نظام کے حوالے سے عوام کو پیش آنے والی مشکلات سے پوری طرح آگاہ ہوں، میں صوبے کے عوام اور اللہ کو جوابدہ ہوں۔ ٹریفک نظام کی بہتری کیلئے قائم سٹیئرنگ کمیٹی کی میں خود صدارت کروں گا اور باقاعدگی سے ٹریفک نظام کی بہتری اور عوام کی سہولت کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لوں گا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، ایم پی اے جہانگیر خانزادہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ، متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام اور ٹریفک پولیس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور عالمی بینک سمیت بین الاقوامی ادارے آج پاکستان میں تیز رفتار ترقی اور غربت کی شرح میں نمایاں کمی کابرملا اعتراف کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تیز رفتار ترقی اور غربت کی شرح میں کمی موجودہ حکومت کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا نتیجہ ہے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کااجلاس منعقد ہوا،جس میں عوام کی فلاح وبہبود کیلئے جاری ترقیاتی پروگرامز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے شہری ودیہی علاقوں میں اربوں روپے کی لاگت سے عوامی فلاح کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کامحور عام آدمی کی ترقی و خوشحالی ہے ۔ترقیاتی پروگرامز کے ثمرات عام آدمی تک ہر صورت پہنچنے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اورمعیار یقینی بنانے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کی پالیسی اپنائی ہے ۔قومی وسائل کے درست استعمال اورمنصوبوں کی مانیٹرنگ کے حوالے سے تھرڈ پارٹی کا نظام انتہائی سود مند ہے ۔صوبائی وزیر رانا مشہود احمد ،ایم این اے حمزہ شہباز،ایم این اے مہر اشتیاق احمد ،چیف سیکرٹری،اراکین پنجاب اسمبلی ،چوہدری شہبازشریف، باؤ اختر،چےئرمین منصوبہ بندی وترقیات،متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

صفحہ اول -