اوبامہ کا داعش کے مقابلے کیلئے 5 ارب 80کروڑ ڈالر کا مطالبہ

اوبامہ کا داعش کے مقابلے کیلئے 5 ارب 80کروڑ ڈالر کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن (اظہر زمان، بیوروچیف) امریکی صدر بارک اوبامہ نے 2017ء کے وفاقی بجٹ میں داعش اور شدت پسند انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پانچ ارب 80 کروڑ ڈالر کے اضافی فنڈ مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ فنڈ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور یو ایس ایڈ کے ذریعے آئندہ مالی سال کے دوران خرچ ہوگا، جس کا عرصہ یکم اکتوبر 2016ء سے 30 ستمبر 2017ء ہے۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے یہاں ایک بیان میں اس اضافی مطالبے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ داعش کو شکست دینا اس وقت امریکہ کی اولین ترجیح ہے، کیونکہ یہ ہمارے شہریوں، ملک اور اتحادیوں کے لئے فوری خطرے کا باعث ہے اور اس کے خاتمے کے لئے ہمیں اپنے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے ہونگے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید بتایا کہ گزشتہ دو برس میں ہم نے 6.7 ارکان پر مشتمل ایک بین الاقوامی اتحاد تشکیل دیا ہے اور داعش پر اس کے مرکز عراق اور شام میں حملہ کرنے کی جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔ ہم غیر ملکی جنگجوؤں کی بھرتی اور فنانسنگ کے نیٹ ورک کو توڑ کر داعش اور اس کے سہولت کاروں کی اس خطے میں اور دیگر ممالک میں کارروائیاں کرنے کی صلاحیت ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم عراق میں موصل کو آزادی دلانے کے بعد شام میں رقہ کے مقام پر ان کا مرکز ختم کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ داعش کے خاتمے کے لئے کی جانے والی کارروائیوں کے دوران بے گھر ہونے والے پناہ گزین کیلئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امدادی اقدامات کرنا ضروری ہیں جس کیلئے مزید فنڈ درکار ہوگا۔

مزید :

صفحہ اول -