حکومتی ایجنڈا ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی ہے،رفیق رجوانہ
لاہور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمدرفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ مختلف امراض اور تکالیف میں مبتلا مریضوں کی واحد امید اور آس اللہ تعالی نے ڈاکٹر کی صورت میں رکھی ہوئی ہے ، بلاشبہ یہ دکھی انسانیت کے مسیحا ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امراض قلب کے ماہر ڈاکٹروں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے عبدالواجد خاں کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں صوبائی حکومت نے مختلف شعبوں کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات کیے ہیں جن کے نتیجے میں تعلیم ، صحت اور دیگر سوشل سیکٹر پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صحت کے سالانہ بجٹ میں اضافہ ، تحصیل اور ضلع کی سطح پر صحت کی سہولیات میں بہتری ، وزیر اعظم محمد نوازشریف کی طرف سے ملک بھر میں پچاس سے زائد ہسپتالوں کے قیام کا اعلان ، غریب عوام کے لیے صحت کارڈ کا اجراء اور متعدد دیگر ترقیاتی منصوبوں سے صحت کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔