مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے درخواستیں مانگ لیں ،نظریاتی کارکنوں کو موقع دینے کا فیصلہ

مسلم لیگ (ن) نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے درخواستیں مانگ لیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن)لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اجلاس ہوا ، اجلاس میں چوہدری شہباز،رمضان صدیق بھٹی،غزالی سلیم بٹ، سید توصیف شاہ،نذیر خان سواتی،میاں محمد طارق،اظہر فاروقی،عامر خان سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ ہوا کہ میاں حمزہ شہباز شریف نے اجازت دی ہے کہ ان پارٹی کارکنوں کو موقع دیا جائے جو پچھلی مرتبہ درخواستیں جمع نہیں کروا سکے ، پارٹی فیصلے کے مطابق امیدوار 10اکتوبر2016ء تک اپنی درخواستیں مسلم لیگ(ن) لاہور کے دفتر نصیر آباد میں جمع کرائیں گے۔ جن امیدواروں نے پہلے سے پارٹی کو درخواستیں دے رکھی ہیں انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے،واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی امیدواروں کی مخصوص نشستوں کے لئے14سے 15 اکتوبر 2016ء تک درخواستیں جمع کرانے کا اعلان کر رکھاہے، اس موقع پرعہدیداروں و کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ نظریاتی و پرانے اور مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھانے والے کارکن ہماری پہلی ترجیح ہوں گے، انہوں نے کہا کہ کسی کو سکائی لیب کے ذریعے اترنے کی اجازت نہیں ہو گی۔جوامیدواران پارٹی کو درخواست جمع نہیں کروائیں گے انہیں کسی صورت پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے گا۔