گورنر ہاؤس سندھ سے دہشتگردی کی آخری علامت کا خاتمہ ہو گیا: نہال ہاشمی، مسلم لیگی رہنما کا اپنا کوئی ملال ہو گا: عشرت العباد

گورنر ہاؤس سندھ سے دہشتگردی کی آخری علامت کا خاتمہ ہو گیا: نہال ہاشمی، مسلم ...

  

کراچی(آئی این پی ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ14 سال پہلے بانی ایم کیوایم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کا نمائندہ گورنرہاؤس بھیجا گیا لیکن گورنر ہاؤس سے دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔ گورنر ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور سینٹر نہال ہاشمی کا کہنا تھا کہ نئے گورنر کا ماضی بے داغ ہے، جسٹس (ر) سعید الزماں اصولی انسان ہیں اور ان کا ماضی بے داغ ہے، نئے گورنر کے آنے سے نہ صرف صوبے کو پرامن بنانے میں مدد ملے گی بلکہ سعید الزماں صدیقی بطور گورنر سندھ کی ترقی میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالف لوگوں نے پرویز مشرف دور میں گورنر ہاؤس میں ڈیرہ ڈالا تھا لیکن آج نوازشریف کے چاہنے والے گورنر ہاؤس میں ہیں، 14 سال پہلے بانی ایم کیوایم کی جانب سے دہشت گرد تنظیم کا نمایندہ گورنرہاؤس بھیجا گیا، آج جمہوریت اورآئین کی پاسداری کی صحیح علامت گورنرہاؤس میں ہے، آج گورنرہاؤس سے پاکستان کونہ ماننے والوں اور دہشت گردی کی آخری علامت کا بھی خاتمہ ہوگیا۔

نہال ہاشمی

کراچی (آئی این پی ) سندھ کے سابق گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ نہال ہاشمی کا کوئی اپنا ملال ہوگا، میرا تواْن پر کوئی احسان نہیں۔ نہال ہاشمی کے بیان پر سابق گورنر سندھ عشرت العباد نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سنگین جرائم میں ملوث گورنر سے نہال اچھی طرح ملتے رہے، وفاقی حکومت کی جانب سے وضاحت پر شکر گزار ہوں۔ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ سیاست میں کردار پر کچھ دن آرام کے بعد بات کروں گا۔

عشرت العباد

مزید :

صفحہ آخر -