چینی انسٹی ٹیوٹ ٹیوٹا کو ماسٹر ٹرینر فراہم کرے گا، عرفان قیصر شیخ

چینی انسٹی ٹیوٹ ٹیوٹا کو ماسٹر ٹرینر فراہم کرے گا، عرفان قیصر شیخ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر)کنگ داؤ کنسٹرکشن انجنئیرنگ ووکیشنل سکول چین کنسٹرکشن سیکٹر میں جدید تربیت فراہم کرنے کیلئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا)کوماسٹر ٹرینر فراہم کرے گی۔ اس اقدام سے صوبہ پنجاب میں ووکیشنل ٹریننگ اور خصوصی کنسٹرکشن سیکٹر کا فروغ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کنگ داؤ کنسٹرکشن انجنئیرنگ ووکیشنل سکول چین کے 8 رکنی وفدکے ساتھ ٹیوٹا سیکرٹریٹ دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں کنگ داؤ کنسٹرکشن انجنئیرنگ ووکیشنل سکول چین کے وفد میں پرنسپل یاؤ ینگ، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فینشان ژو، باؤژی، وانگ ہائیگینگ، احمد ما، فرگشان ژو، پانبولیانگ اور کیلوئی شامل تھے۔اس موقع پر چیف آپرٹینگ آفیسر جواد احمد قریشی، ٹیوٹا افسران عامر عزیز، اختر عباس بھروانہ، عظمی نادیہ ، امبر چٹھہ اور دیگر افسران موجود تھے۔چیئر پرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ اس وقت کنسٹرکشن سیکٹر میں عرب ممالک اور پاکستان میں بھی ماہر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔ چینی حکومت کا اس سیکٹر میں ٹیوٹا کے ساتھ تعاون فائدہ مند ثابت ہوگااور نیشنل اور ملٹی نیشنل اداروں کو ماہر افرادی قوت کی دستیابی ہو گی۔انہوں نے چینی وفد کوچینی زبان کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ٹیوٹا نے عام پبلک کیلئے3ماہ دورانیہ کورس کو لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، راوالپنڈی ،گجرات، شیخوپورہ، اوکاڑہ، قصور، ساہیوال،ٹیکسلا، سرگودھا، لیہ، خانیوال، بہاولپور، رحیم یار خان اورڈی جی خان میں شروع کر رکھا ہے۔


اس کے علاوہ ایگزیکٹو زاور بزنس کمیونٹی کیلئے 4 ماہ دورانیہ کا چینی زبان کے کورس کو لاہور میں شروع کر رکھا ہے۔دونوں پروگرام کامیابی سے چل رہے ہیں۔پرنسپل کنگ داؤ کنسٹرکشن انجنئیرنگ ووکیشنل سکول چین یاؤ ینگ نے کہا کہ چین دنیا بھر میں نئی عالمی معیشت کے طور پر ابھرچکا ہے ۔اس وقت عالمی معاشی ترقی کیلئے اس کا کردار بہت اہم ہے۔ چین کا پاکستان کے ساتھ معاشی اور اقتصادی تعاون عوام کیلئے خوشحالی کی نئی راہیں ہموار کرے گا۔ انہوں نے صوبہ پنجاب میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کے فروغ کیلئے ٹیوٹا کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔کنگ داؤ کنسٹرکشن انجنئیرنگ ووکیشنل سکول چین کے وفد نے گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ گلبرگ اورمغلپورہ کا دورہ کیا اور ٹیوٹا کی جانب سے فنی تعلیم کے فروغ کیلئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔

مزید :

کامرس -