حکومت تاجروں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرے، صدر لاہور چیمبر

حکومت تاجروں کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرے، صدر لاہور چیمبر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبدالباسط اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے حکومت پر زور دیا ہے کہ تاجروں کے ویلیوایشن کی شرح میں بھاری اضافے، بینک اکاؤنٹس تک رسائی ، مارکیٹوں میں چھاپوں اور ٹیکس عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال جیسے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرے تاکہ کاروباری ماحول بہتر ہوسکے، اس سے تاجروں اور معیشت دونوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ریڈی میڈ گارمنٹس امپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد حنیف کی سربراہی میں ایک بڑے وفد سے ملاقات میں کیا۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں انجم نثاراور محمد علی میاں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عبدالباسط اور محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ اس وقت جب ملک معاشی بحالی کا سفر طے کررہا ہے اور اسے تاجر برادری کی سپورٹ کی ضرورت ہے، ویلیوایشن میں بھاری اضافے جیسے اقدامات تمام کوششوں پر پانی پھیر دیں گے، اگر ویلیوایشن میں بھاری اضافہ واپس نہ لیا گیا تو سمگلنگ کی حوصلہ افزائی ہوگی ۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ کاروباری برادری کو آسانیاں فراہم کرنے کے لیے ٹیکسوں کا پیچیدہ نظام آسان اور عام فہم بنایا جائے، ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں کی شرح میں کمی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کاروباری امور میں سرکاری اداروں کی مداخلت کم سے کم ہونی چاہیے تاکہ تاجر ہراساں ہونے کے بجائے اطمینان سے کاروبار اور معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام کاروباری برادری کو یکساں مواقع مہیا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی شرح ہر جگہ یکساں ہو تاکہ برابری کی صورتحال قائم رہے، غیر متوازن ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی وجہ سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔حاجی محمد حنیف نے توقع ظاہر کی کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرانے کے لیے بہترین کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید :

کامرس -