چیئرمین واپڈاسے جرمنی، عالمی بنک اور دیگروفود کی ملاقات

چیئرمین واپڈاسے جرمنی، عالمی بنک اور دیگروفود کی ملاقات

  

لاہو(کامرس رپورٹر)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین( ریٹائرڈ) نے آج جرمنی ، عالمی بنک ، سٹیٹ بنک اور مقامی بنکوں کے وفود سے واپڈا ہاؤس میں ہونے والے تین علیٰحدہ علیٰحدہ ا جلاس میں واپڈا کے زیرتعمیر اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں فنانسنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ جرمنی کی وفاقی وزارت برائے تعاون اور ترقی کے پاکستان اور افغانستان ڈویژن کے سربراہ ڈاکٹرہیننگ پلیٹ (Dr.Henning Plate)کی قیادت میں جرمن وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا پانی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تکمیل میں جرمنی کے مالیتی ادارے کے ایف ڈبلیو(KfW) کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ منصوبوں کی تعمیر میں غیرملکی فنڈنگ کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل کے منصوبوں میں کے ایف ڈبلیو اور واپڈا کے مابین اس تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔جرمن وفد کے سربراہ نے کہا کہ جرمنی اور واپڈا کے مابین باہمی تعاون پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جرمنی کی معاونت سے واپڈا منصوبوں کو تیزی سے عملی جامہ پہنانے کے خواہاں ہیں ۔ اجلاس میں منصوبوں کی افادیت اور دائرۂ کارکے علاوہ ان کی تعمیر کیلئے ادارہ جاتی انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ جرمنی واپڈا کے چار منصوبوں کیلئے مالی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ان منصوبوں میں کیال خواڑ، ہارپو، وارسک ڈیم /ہائیڈل پاور سٹیشن کا بحالی منصوبہ اور گلیشئرمانیٹرنگ پراجیکٹ شامل ہیں۔

عالمی بنک کے جنوبی ایشیا میں توانائی کے پریکٹس منیجر ڈاکٹر دیمتریوس (Dr.Demetrios Papathanasiou)کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں 1410 میگاواٹ کے تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے سٹیج ون (2160 میگاواٹ) پر پیش رفت کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔واپڈا کے اِن دونوں زیرتعمیر منصوبوں کیلئے عالمی بنک فنڈ فراہم کر رہا ہے۔ملاقات کے دوران تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کیلئے عالمی بنک کی جانب سے فنڈز فراہم کرنے کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

مزید :

کامرس -