تحریک پاکستان کے کارکنان مرحوم کارکنان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی

تحریک پاکستان کے کارکنان مرحوم کارکنان کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی

  

لاہور (اپنے خبر نگار سے) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام تحریک پاکستان کے کارکنان علی محتشم کی نویں‘ شمیم شاہ آبادی کی دسویں اور اور ٹرسٹ کے عہدیدار سابق آئی جی پنجاب پولیس سردار محمد چوہدری کی تیرہویں برسی کے سلسلے میں زمان مسجد میں محفل قرآن خوانی منعقد ہوئی۔اس موقع پر نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد،سیکرٹری شاہد رشید ،محمد ریاض چودھری، انجینئر محمد طفیل ملک، محمد منشا قاضی ،نواب برکات محمود،د عہدیداران وکارکنان‘مرحومین کے عزیزواقارب بھی موجود تھے۔محفل قرآن خوانی کے بعد مرحومین کی ارواح کے ایصال ثواب ا ورملکی تعمیروترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

۔ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمدنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان تحریک پاکستان نے قائداعظمؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں علیحدہ وطن کے حصول کیلئے لازوال قربانیاں دیں۔ نئی نسل کو مشاہیر تحریک آزادی کی حیات وخدمات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔قیام پاکستان کیلئے خاموشی سے کام کرنیوالوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے جنہوں نے اپنا جان ومال پاکستان کیلئے قربان کر دیا۔ ہمارا ادارہ نسلِ نو کو نظریۂ پاکستان ، قیام پاکستان کے اسباب ومقاصد اور مشاہیر تحریک آزادی کے افکار و نظریات سے آگاہ کر رہا ہے۔ اس ادارے کی بنیادیں رکھنے اور اسے مضبوط بنانے میں تحریک پاکستان کے کارکنوں علی محتشم، شمیم شاہ آبادی اور سردار محمد چودھری کا بڑا ہاتھ ہے۔ ان بزرگوں نے ملک و قوم کیلئے بڑی خدمات انجام دی ہیں ۔ شاہد رشید نے کہاکہ علی محتشم ، سردار محمد چوہدری اور شمیم شاہ آبادی نے نظریۂ پاکستان کے فروغ اور تحریک پاکستان کیلئے بڑا کام کیا۔ یہ حضرات عاشقانِ پاکستان تھے جنہوں نے تحریک پاکستان میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیر پاکستان میں بھی بھرپور حصہ لیا۔ ان کی ہمارے ساتھ محبت کا باعث صرف اور صرف پاکستان تھا اور وہ خرابئ صحت کے باوجود آخری سانس تک ہمارے ادارے کی تقریبات میں باقاعدگی کے ساتھ شریک ہوتے رہے۔ سردار محمد چوہدری پولیس سروس آف پاکستان میں ایک انتہائی اعلیٰ عہدے پر فائز رہے۔ ان میں انسان دوستی کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی۔ اپنی محنت اور قابلیت کے بل بوتے پر محکمۂ پولیس کے اعلیٰ ترین عہدے تک پہنچے۔ علی محتشم مرحوم نے طالبعلم کی حیثیت سے تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا اور قیام پاکستان کے فوراً بعد مہاجرین کی آباد کاری کے سلسلے میں اہم خدمات انجام دیں۔ اُن کا نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ سے بہت قریبی تعلق رہا۔ شمیم شاہ آبادی نے بھی بطور صحافی اس ادارے کیلئے بڑی خدمات انجام دی ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -