جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی نے گورنر سندھ کے عہدہ کا حلف اٹھا لیا
کراچی(اسٹاف رپورٹر) جسٹس(ر)سعید الزماں صدیقی نے جمعہ کی صبح صوبہ سندھ کے 31 ویں گورنر کے طور پر حلف اْٹھالیاہے ۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید سجاد علی شاہ نے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سے گورنر سندھ کے عہدے کا حلف لیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض چیف سکرٹری سندھ محمد صدیق میمن نے انجام دئیے ۔تقریب میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ،اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ،سابق گورنر معین الدین حیدر ،صوبائی محتسب اسد اشرف ملک،ڈائریکٹر جنرل نیب سراج النعیم ،صوبائی وزرا، سیکریٹریز،مسلح افواج کے نمائندوں سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔بعد ازاں گورنر سندھ جسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی سے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور گورنر سندھ کو مبارک باد دی ۔گورنر سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں مسائل کے حل کے لئے گورنر سیکریٹریٹ اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کے درمیان باہمی مشاورت اور تعاون جاری رہے گا۔1937 کو لکھنو میں پیدا ہونے والے جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی سندھ کے 31 ویں گورنر ہیں، وہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے، 2008 میں پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے مسلم لیگ (ن)کے ٹکٹ پر صدارتی انتخاب بھی لڑا تھا۔واضح رہے کہ جسٹس (ر)سعید الزماں صدیقی سے قبل ڈاکٹر عشرت العباد خان 14 برس تک سندھ کے گورنر رہے تھے تاہم ایوان صدر نے دو روز قبل انہیں عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔