خیبرپختونخوا پویس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت اور دباؤ سے آزاد کر دیا :عنایت اللہ

خیبرپختونخوا پویس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت اور دباؤ سے آزاد کر دیا :عنایت ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ نے کہا ہے کہ عام لوگوں کو انصاف کی فراہمی کے تقاضے پورے کرنے کیلئے موجودہ صوبائی حکومت نے پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت اور دباؤ سے آزاد کر دیا ہے جس سے پولیس کی کارکردگی بہتر ہوئی ہے اور اس عظیم کامیابی کا سہرا صوبے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور انسپکٹر جنرل پولیس ناصر خان درانی کے سر ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس کے نظام میں خفیہ اطلاعات کی حکمت عملی کو نظر انداز نہیں کیاجاسکتا اور ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اسی حکمت عملی پر عمل پیرا ہو کر اسلام دشمنوں کا مقابلہ کیا تھا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ایبٹ آباد میں پولیس سکول آف انٹیلی جنس میں انٹیلی جنس کورس کے اختتام پر تقسیم اسناد کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ہزارہ ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سعید خان وزیر، ضلعی پولیس آفیسرخرم رشید،پولیس سکول آف انٹیلی جنس کے سربراہ،جماعت اسلامی کے ضلعی امیر عبدالرزاق عباسی،نائب تحصیل ناظم سردار شجاع احمد،سکول کے فیکلٹی ارکان اور کورس مکمل کرنے والے افسروں اور جوانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر سینئر وزیر نے کورس کے کامیاب شرکاء میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے۔کورس کا آغاز اکتوبر2014میں کیا گیا تھا جس میں اب تک1500پولیس افسروں اور جوانوں کو تربیت دی گئی جبکہ رواں سال 799شرکاء نے ٹریننگ میں شرکت کی۔ عنایت اللہ خان نے اپنے خطاب میں موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں کی گئی کامیاب پولیس اصلاحات کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی موجودہ مشکل صورتحال میں جرائم و دہشت گردی کی بیخ کنی کے حوالے سے پولیس کے نظام میں انٹیلی جنس کے جدید طریقوں سے آشنائی کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اسی ضرورت کے پیش نظر صوبائی حکومت نے انٹیلی جنس کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے انٹیلی جنس سکول قائم کئے جن میں افسروں اور جوانوں کو جرائم اوردہشت گردی کے واقعات رونما ہونے سے پہلے ہی ان کا پتہ چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔انہو ں نے کہا کہ موجودہ دور صرف سخت محنت کا دور نہیں بلکہ جدید علوم اور ٹیکنالوجی سے اہداف حاصل کرنے کا دور ہے۔انہوں نے اس سلسلے میں حضرت محمد ؐ کی حربی حکمت عملی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پیغمبرؐ نے بھی تمام غزوات میں ہمیشہ دشمن کے خلاف جنگوں میں خفیہ اطلاعات کی حکمت عملی اختیار کر کے ا س سے استفادہ کیا اور یوں انٹیلی جنس کا یہ نظام اسلام کی سربلندی میں کام آیا۔سینئر وزیر نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں امن کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولیس افسروں اور جوانوں کو بھی ملک کو دشمنوں کے مزموم عزائم سے محفوظ رکھنے کیلئے چوکس رہنا ہوگا۔انٹیلی جنس جیسے حساس شعبوں میں بھی مہارت حاصل کرنی ہوگی۔انہوں نے پولیس پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے اللہ پر بھروسہ رکھیں جبکہ صوبائی حکومت عوام کے وسیع تر مفادمیں انہیں ہر قسم کی مدد اور تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔