تمام شعبوں میں میرٹ پر عملدرآمد میں کسی صورت سیاسی مصلحت سے کام نہیں لیا :عاطف خان

تمام شعبوں میں میرٹ پر عملدرآمد میں کسی صورت سیاسی مصلحت سے کام نہیں لیا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبر پختونخوا کے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ضیاء اللہ بنگش ایم پی اے کے ہمراہ جمعہ کے روز ایک عظیم الشان تقریب میں محمد زئی کوہاٹ میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ 6کمروں اور 6اساتذہ پر مشتمل تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ پہلے گرلز پرائمری سکول کا باقاعدہ افتتاح کردیاجسے 1کروڑ34لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کیاگیاہے۔واضح رہے کہ ماضی میں صوبے میں صرف 2کمروں اور2اساتذہ پر مشتمل سکول تعمیر کئے جاتے تھے جو ہر لحاظ سے ناکافی تھے تاہم پی ٹی آئی نے بر سر اقتدار آتے ہی 6کمروں اور 6اساتذہ پر مشتمل پرائمری سکولوں کے قیام کا اعلان کیا جسے آج عملی جامہ پہنایا گیاہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے ہر شعبے میں میرٹ کو فروغ دیا ہے اور میرٹ پر عملدرآمد میں کسی صورت سیاسی مصلحت سے کام نہیں لیں گے۔ان کا دعویٰ تھاکہ گزشتہ ساڑھے 3سالوں میں40ہزار اساتذہ کی بھرتی میں کوئی بدعنوانی ، اقرباء پروری یا پارٹی وابستگی کو ثابت نہیں کر سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ سفارش پر بھر تی کر کے30سال تک اپنی نئی نسل کے مستقبل کو داؤ پر نہیں لگاسکتے۔عاطف خان نے تعلیم کے شعبے میں کئے گئے اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بلکہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس اہم شعبے کے لئے بجٹ کا 28فیصد حصہ مختص کیاگیاہے،سکولوں کی حالت بہتر کر نے اور ان میں ناپید سہولیات کی فراہمی پر ساڑھے17ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں اور 21لاکھ میں سے14لاکھ طلبا ء کے لئے فرنیچر فراہم کیا گیاہے جبکہ 84ہزار اساتذہ کو برٹش کونسل کے تعاون سے خصوصی تر بیت دی جائے گی سکولوں میں اساتذ ہ کی حاضری یقینی بنانے کے لئے آن لائن ایکشن مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیاہے۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر کوہاٹ میں 6سٹینڈرڈائزنگ سکولوں، 2،2ہائی، مڈل اور پرائمری سکولوں کے اپ گریڈیشن،100اضافی کمروں،50سکولوں میں پلے ایریا ز کے قیام، 100سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی اور مختلف سکولوں میں آئی ٹی لیب کے قیام کا اعلان کیا۔انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی کمزوریوں کے ساتھ ساتھ اچھائیوں کو بھی اجاگر کریں کیونکہ حکومت ہر شعبے میں انقلابی اصلاحات لا چکی ہے۔قبل ازیں چیئر مین سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ ضیاء اللہ بنگش نے وزیر موصوف کا کوہاٹ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ سمیت پورے صوبے میں ہر شعبے میں بلاامتیاز کام جاری ہے اور کوئی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر موصو ف کے اعلانات سے کوہاٹ میں تعلیمی انقلاب آئے گا۔