عشرت العباد نے عوام اور حکومت میں پل کا کردار ادا کیا ،قاری عثمان

عشرت العباد نے عوام اور حکومت میں پل کا کردار ادا کیا ،قاری عثمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے 14 سال کے دوران ہمیشہ عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہے۔ شہر میں قیام امن کیلئے ہمہ وقت مختلف الخیال جماعتوں اور مکاتب فکر کے علماء کرام سے رابطہ میں رہنا اس دہرتی کی بڑی خدمت ہے۔سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے قاری محمد عثمان نے کہا کہ وہ ہر ایشوز پر تمام مکاتب فکر تاجر برادری اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندوں کو ایک میز پر بٹھانے میں تاریخ ساز کر دار ادا کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انکی ملی قومی اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا صوبہ اور شہر کے مفاد کو ہر چیز پر انہوں نے مقدم رکھا انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنے پروٹوکول اور سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھ کر شہر کے نازک ترین حالات میں امن و سلامتی کی فضا کو بر قرار رکھنے میں امتیازی کردار کیا ہے ۔انکی شرافت،دیانت اورحب الوطنی کا ضامن انکا 14 سالہ طویل اور کامیاب دور ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ صوبے کے گورنر ہیں کسی جماعت یا فرد کے وفادار نہیں ملک اور قوم کے وفادار ہیں۔یہی وجہ ہے کہ 14 سال کے طویل ترین دور میں ایک کامیاب گورنر انکی شناخت بن چکی ہے۔اللہ سے دعا ہے کہ نئے آنے والے گورنر بھی صوبہ سندھ کے ایک کامیاب ترین گورنر ثابت ہوں۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ( ر) چیف جسٹس سعید الزمان صدیقی مظبوط اعصاب کے مالک ہیں اگر چہ جسمانی طور کمزور ضرور ہیں،مگر دماغی طور پر ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے ہمہ وقت تعمیری سوچ کے مالک ہیں۔