حافظ نعیم الرحمن کا گلشن معمار میں آغوش سینٹر کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ

حافظ نعیم الرحمن کا گلشن معمار میں آغوش سینٹر کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے آئی سی سی گلشن معمار میں زیر تعمیر الخدمت آغوش سینٹر کا دورہ کیا اور الخدمت کی انتھک محنت کو سراہا اور کہا کہ الخدمت نے اپنے محدود وسائل سے دکھی اور مصیبت زدہ افراد کی خدمت کا جو بیڑا اٹھایا ہے وہ مخیر حضرات کے تعاون سے جاری رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلا امتیاز رنگ ، نسل اور مذہب کے انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ، دکھی ، بے سہارا افراد کی خدمت ہی انسانیت کی معراج ہے ۔ اس موقع پر انجینئر عزیزالدین ظفرنے الخدمت آغوش سینٹرکے تعمیراتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سینٹر کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ، تقریباً سترہ کروڑ کی لاگت سے تعمیر ہونے والا الخدمت آغوش کا پہلا فیزدسمبر 2017 میں میں مکمل ہوگاا ور دکھی انسانیت کے درد کا درماں ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ناظم علاقہ گلشن معمار عاطف اللہ والا،اکرم قریشی ،ابوالخیر اور،فواد شیروانی بھی موجود تھے۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمٰن نے رکن جماعت اسلامی مقصود احمد خان کے بھائی مرحوم افتخار احمد خان کے ایصال ثواب کے لیے گلشن معمار میں منعقد ہ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا دارلامتحان ہے انسان کا عارضی ٹھکانہ جہاں اسے رب کو راضی کرنے کے لیے مخصوص مہلت عمل ملی ہے انسان کو ایک دن اپنے رب کی طرف کی پلٹ کر جانا ہے،کسی فرد کادنیاسے چلے جانا اسکے چاہنے والوں کے لیے گہرے صدمے کا باعث ہوتاہے لیکن جانے والے اپنے چاہنے والوں کی یادوں باتوں اور دعاؤں میں شامل رہتے ہیں،موت ایک فطری عمل ہے جو نقطہ ء آغاز ہے اخروی زندگی کا ،آج مادہ پرستی کی دوڑ نے انسان کواپنے منصب اور مقصد زندگی سے غافل کر دیا ہے کبھی یہ غفلت اس قدر بڑھ جاتی ہے کہ بندہ لب گور تک پہنچ جاتاہے جہاں رجوع کی گنجائش نہیں رہتی ،جب انسان پر خواہشات نفس کا غلبہ ہوجائے تو وہ دہری شخصیت کا مالک بن جاتا ہے،آج ہر جگہ ریاکاری جھوٹ دھوکے لو ٹ مار اور قتل و غارت گری عروج پر نظر آتی ہے اسکا سبب ایمان کی کمزوری ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ قلب کی اصلاح کی جائے،قلب کو خواہشات نفس کے غلبے سے بچانے کے لیے ایمان کی پختگی ،اصلاحِ اعمال اورخشیت الٰہی سے کام لیتے ہوئے آخرت کو سنوارنے کی ضرورت ہے۔قلب کی اصلاح متواز ن شخصیت اور نفس مطمئن کی آئینہ دار ہے۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی زون گلشن معمار رضوان شا ہ، امیر جماعت اسلامی زون گجرو مقصوداحمد ملک،الخدمت سندھ ریجن کے ذمہ دار ( ڈائریکٹر ڈائیگنو سٹک سروسسز سینٹرز) مقصود احمد خان دیگر زونل ذمہ داران، مرحوم کے عزیز و اقارب ،اہل علاقہ اورمقامی کارکنان کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -