تحصیل میونسپل اید منسٹریشن مردان اور واٹر اینڈ سینٹی ٹیشن سروسز کمپنی کے مابین معاہدہ
پشاور (سٹاف رپورٹر) تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن مردان اور واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی مردان کے درمیان خدمات اور اثاثوں کی مینجمنٹ کا معاہدہ طے پا گیا وزیر اعلیٰ پرویزخان خٹک، سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، وزیر تعلیم محمد عاطف خان ، ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیرمےئن محمد فائق شاہ، تحصیل ناظم محمد ایوب خان، کمشنر مردان ذاکر حسین آفریدی،بورڈآف ڈائریکٹرز کے اراکین اور دیگر حکام کی موجودگی میں ٹی ایم او مردان شہریار خان اور ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ناصر غفور خان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ معاہدے کے تحت پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی کی خدمات اور متعلقہ اثاثہ جات ٹی ایم اے سے لیکر ڈبلیو ایس ایس سی مردان کے حوالے کر دیئے گئے ہیں، ڈبلیو ایس ایس سی تینوں شعبوں میں جلد خدمات کی فراہمی شروع کر دے گی۔ یاد رہے کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں مذکورہ تینوں شعبوں کی خدمات میں بہتری لانے اور بروقت فراہمی کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے زیر انتظام خود مختار ادارے قائم کئے ہیں جس کا مقصد شہریوں کو وقت کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے معاہدے کو تحریک انصاف کے منشور پر عملدرآمد میں ایک اہم پیشرفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس سی مردان کو مطلوبہ وسائل فراہم کئے جائیں گے، شہریوں کو پانی، صفائی اور دیگر خدمات کی فراہمی میں وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ کمپنی جلد خدمات کی فراہمی شروع کر دے گی سالیڈ ویسٹ کو جدید سائنسی خطوط پر ٹھکانے لگانے کے ساتھ ساتھ ترقیافتہ ممالک کے تجربات سے استفادہ کرے گی۔ انہوں نے کمپنی حکام کو ہدایت کی کہ مقاصد کے حصول کے لئے شبانہ روز محنت کے ساتھ ساتھ تمام امور شفاف انداز میں نمٹائے جائیں۔سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ خان اور وزیر تعلیم محمد عاطف نے کہا کہ پینے کے پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی کی خدمات ڈبلیو ایس ایس سی کے حوالے کرنے سے خدمات میں بہتری آئے گی جبکہ وسائل کی بچت بھی ہوگی انہوں نے کہا کہ حکومت شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے اس مقصد کے حصول کے لئے ضلعی وتحصیل سطح پر کمیٹیاں قائم کر کے سینی ٹیشن اپ سکلینگ کی گائیڈ لائنز وضع کرلی گئی ہیں متعلقہ ٹی ایم اوز اور کمپنیوں کے اہلکاروں کی تربیت مکمل کرلی گئی ہے ، صاف ستھرا ویلج ونیبرہوڈ کونسلوں پر اسناد دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مردان ٹی ایم اے اور ڈبلیو ایس ایس سی کے درمیان معاہدہ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔