بلاول کی مقبولیت دیکھ کر چودھری نثارکو لرزہ طاری ہونا شروع ہوگیا ، چانڈیو

بلاول کی مقبولیت دیکھ کر چودھری نثارکو لرزہ طاری ہونا شروع ہوگیا ، چانڈیو

  

کراچی (این این آئی) مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیونے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار بلا وجہ اور بلا موضوع بلاول بھٹو زرداری پر بول کر اپنے آپ کو سیاسی طور پر زندہ رکھنا چاہتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے جب سے پنجاب جانے کا اعلان کیا ہے، ادھر چودھری نثار کے پسینے چھوٹ رہے ہیں ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جب پنجاب کا دورہ کریں گے تو ن لیگ کو لگ پتہ جائیگا کہ پنجاب ہمیشہ پیپلز پارٹی کا قلعہ رہا ہے اور2018 کے الیکشن میں بلاول بھٹو پنجاب سے پارٹی کو سویپ کروائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی بڑھتی ہوئی مقبولیت دیکھ کر چودھری نثارکو لرزہ طاری ہونا شروع ہوگیا ہے ۔مشیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ ن لیگ کے وزراء بالخصوص چودھری نثارکو سیاسی خوف صرف بلاول بھٹو زرداری سے ہی ہوتاہے اور چودھری نثار نے ہمیشہ میاں صاحب کی مشکلوں میں اضافہ ہی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نہیں چاہتے کہ میاں صاحب پر سیاسی دباؤ کم ہو ۔مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ جوحکمران عمران خان کا دباؤ برداشت نہیں کرسکتے وہ بلاول بھٹو کی سیاست سے کیسے بچ پائینگے ۔

مزید :

ملتان صفحہ اول -