دوسرا ٹیسٹ: فلینڈر کینگروز کیلئے قہر بن گئے، پوری ٹیم85 رنز پر آﺅٹ، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 171 رنز بنا لئے

دوسرا ٹیسٹ: فلینڈر کینگروز کیلئے قہر بن گئے، پوری ٹیم85 رنز پر آﺅٹ، جنوبی ...
دوسرا ٹیسٹ: فلینڈر کینگروز کیلئے قہر بن گئے، پوری ٹیم85 رنز پر آﺅٹ، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 171 رنز بنا لئے

  

ہوبارٹ (مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے ہیں اور اسے آسٹریلیا کے خلاف 86 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ ٹیمبا باووما 38 اور ڈی کوک 28 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

ہوبارٹ ٹیسٹ:جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 85رنز پر ڈھیر کر دیا

تفصیلات کے مطابق ہوبارٹ میں کھیلے جا رہے میچ میں جنوبی افریقہ کے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تو جنوبی افریقی باﺅلرز نے اپنے کپتان کا فیصلہ درست ثابت کر دیا اور پوری آسٹریلوی ٹیم محض 85 رنز بنا کر ہی آﺅٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کے 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ اپنی ٹیم کی درگت بنتے دیکھ کر آسٹریلوی شائقین پر ایک طرح سے سکتہ طاری ہو گیا۔

کپتان سٹیو سمتھ 48 رنز بنا کر مزاحمت کرنے میں کامیاب رہے تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرتی دیکھ کر بے بس نظر آئے۔ ویرنون فلینڈر کینگروز پر قہر بن کر ٹوٹے اور محض 21 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر نے 1، جو برنز نے 1، عثمان خواجہ نے 4، سٹیو سمتھ نے 48، کرس ووجز نے 0، کیلوم فرگوسن نے 3، پیٹر نیویل نے 3، جو مینی نے 10، مچل سٹارک نے 4، جوش ہیزل ووڈ نے 8 اور نیتھن لیون نے 2 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ویرنون فلینڈر نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کی ”ہیکڑی“ نکال نکال دی اور 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا جبکہ کیل ایبٹ نے 3 اور کاگیسو ربادا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلا ٹیسٹ: چو تھے روز کا کھل ختم، انگلینڈ نے بغیر کسی نقصان کے 114 رنز بنا لئے، بھارت کیخلاف 163 رنز کی برتری

آسٹریلیا کے 85 رنز کے جواب میں جنوبی افریقہ نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا لئے ہیں اور اسے آسٹریلیا کے خلاف 86 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سٹیفن کک نے 23، ڈین ایلگر نے 17، ہاشم آملہ نے 47، جے پی ڈومنی نے 1 اور فاف ڈوپلیسس نے 7 رنز بنائے جبکہ ٹیمبا باووما 38 اور ڈی کوک 28 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جوش ہیزل ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید :

کھیل -