صوبائی وزیر انڈسٹریز سے ایپٹما پنجاب کے وفد کی ملاقات مسائل سے آگاہ کیا

صوبائی وزیر انڈسٹریز سے ایپٹما پنجاب کے وفد کی ملاقات مسائل سے آگاہ کیا

لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیرصنعت و تجارت و ٹریڈ شیخ علاؤالدین نے کہا ہے کہ لوکل انڈسٹری کو مستحکم کرنا پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لئے ٹیکسٹائل انڈسٹریز کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے پنجاب حکومت خواہاں ہے کہ ایپٹما کے ساتھ ملکر انڈسٹری کے مسائل کو حل کیا جا ئے،انہوں نے آل پاکستان ملز ایسوسی ایشن کے منتخب ہونیوالے نئے چیئرمین علی پرویز ملک کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ ان کی زیر نگرانی ایپٹما ،پنجاب انڈسٹری کے ایشوز کو بہترین طریقے سے حل کر پائے گی، ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے آل پاکستان ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے ایپٹما آفس میں ایک میٹنگ کے دوران کیا، میٹنگ میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش آنیوالے مسائل پر تفصیلی بات چیت کی گئی، اس موقع پر چیئرمین ایپٹما ،پنجاب علی پرویز ملک،سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ ،ڈپٹی سیکرٹری انڈسٹریز معید امان رانا اور ایپٹما سے منسلک دیگر افراد موجود تھے، چیئرمین ایپٹما نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ لوکل انڈسٹری کو مستحکم کرنے کے لئے توانائی کے نرخوں میں کمی کی جائے ،پاکستانی کاٹن کی ایکسپورٹ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور سابقہ وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ایکسپورٹ گروتھ پالیسی کو نافذ العمل کیاجائے، وفد کی جانب سے صوبائی وزیر انڈسٹری کو گزارش کی گئی کہ را میٹریل پر بہت ذیادہ ڈیوٹی دینا پڑتی ہے ،اس میں کمی یقینی بنائی جائے اور پنجاب حکومت لوکل انڈسٹری کو مزید سبسڈی فراہم کرے،چیئرمین ایپٹما نے کہا کہ امید ہے کہ آپ انڈسٹری میں اپنے وسیع تجربہ کی بنیاد پر ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کو حل کروانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے اور ہمارے مطالبات وزیراعلیٰ پنجاب تک احسن طریقے سے پہنچائیں گے، صوبائی وزیر انڈسٹریز نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو وزیراعلیٰ پنجاب تک پہنچایا جائیگا ،امید ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب جلد ان مطالبات کا حل نکالتے ہوئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی مزید بہتری میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں گے۔

مزید : کامرس