فیروز پور روڈ پر مزدا کے داخلے پر پابندی واپس لی جائے‘لاہور چیمبر

فیروز پور روڈ پر مزدا کے داخلے پر پابندی واپس لی جائے‘لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر ذیشان خلیل نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ فیروز پور روڈ پر مزدا کے داخلے پر عائد پابندی فی الفور واپس لی جائے کیونکہ اس سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بھاری نقصان ہوگا۔ عدنان خالد بٹ سے ملاقات کے بعد جاری کردہ بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر نے کہا کہ بغیر کسی جواز کے فیروز پور روڈ پر مزدا ٹرکوں کا داخلہ بند کردیا گیا ہے جو تجارتی اشیاء اور خام مال کی آمد و رفت کا بڑا ذریعہ تھے، ان کی بندش سے فیروز پور روڈ پر واقع صنعتوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر نے کہا کہ مزدا ٹرکوں کو بند کردینا ٹریفک مسائل کا کوئی حل نہیں، یہ قدم اٹھانے کے بعد بھی ٹریفک کے مسائل جوں کے توں ہیں ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صنعتوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیروز پور روڈ پر مزدا ٹرکوں کے داخلے پر پابندی کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے گا۔

مزید : کامرس