اورنج ٹرین ، عالمی معیار کے سائن بورڈ نصب کرنے کا فیصلہ

اورنج ٹرین ، عالمی معیار کے سائن بورڈ نصب کرنے کا فیصلہ

 لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا کہ شہریوں کی راہنمائی اور سہولت کے لئے میٹرو ٹرین کے تمام سٹیشنوں پردوبئی میٹرو کی طرز پر بین الاقوامی معیار کے سائن بورڈ ز نصب کئے جائیں گے۔ ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کے 13میں سے 12سٹیشنوں پر 81فیصد سے زیادہ تعمیراتی کام کر لیا گیا ہے جبکہ یہاں الیکٹریکل اور مکینیکل ورکس اور مختلف نوعیت کی مشینری نصب کرنے کا کام بھی تیزی سے جاری ہے ۔ جی پی او کے قریب زیر زمین تعمیر کرنے کے لئے سنٹرل سٹیشن کا تعمیراتی کام حکم امتناعی کے باعث شروع نہیں کیا جا سکا جبکہ جین مندر کے قریب زیر تعمیر دوسرے زیرزمین انار کلی سٹیشن کا تعمیراتی کام حتمی مراحل میں ہے وہ گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر زیر تعمیر اسلام پارک اور سلامت پورہ میٹرو سٹیشنوں پر تعمیراتی کام کے معائنے کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ پیکیج ون پر 87فیصد تعمیراتی کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ نو مقامات پر حکم امتناعی کے باعث تعمیراتی کام بند ہے جو مجموعی کام کا 13فیصد ہے ۔ اس موقع پر جنرل منیجرآپریشنز پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی سید عزیر شاہ‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ اور حسیب خواجہ ‘ چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمن اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلی افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندے اور مقامی کنٹریکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...