غیر قانونی شکاریوں کے خلافکارروائیاں،17 پکڑے گئے،بھاری جرمانے

غیر قانونی شکاریوں کے خلافکارروائیاں،17 پکڑے گئے،بھاری جرمانے

لاہور(لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان کی ہدایت پرصوبہ بھر میں جنگلی حیات کے تحفظ اور ناجائز شکار کی روک تھام کیلئے جاری مہم کے دوران گوجرانوالہ اور ملتان کے ریجنل افسران کی قیادت میں چھاپہ مار ٹیموں نے ڈ یلہ چٹھہ تحصیل وزیرآباد میں فالکن جبکہ ملتان ریجن کے ضلع خانیوال میں پیرووال کے جنگل میں 4 ملزمان کو سور کا غیر قانونی شکار کھیلتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ان کا چالان کردیا اور ان سے 2 لاکھ 10 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کے ریجنل افسر سجاد حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر 4 ملزمان محمد عرفان ، محمد رفیق،منظور حسین اور محمد رمضان کو 9 اعلیٰ نسل کے کتوں اور شکار کے سامان کے ہمراہ گرفتار کر کے عدالت پیش کر دیا جس نے چاروں ملزمان کو 20 ہزار روپے فی کس جرمانہ جمع کروانے کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ کتوں اور دیگر شکاری سامان کی سپردداری کے لئے 13 نومبر کو دوبارہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔دوسری بڑی کارروائی کے دوران گوجرانوالہ کے ریجنل افسر عبدل شکور منج نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈیلہ چٹھہ تحصیل وزیر آباد میں چھاپہ مار کر 13 ملزمان محمد الیاس، طارق محمود، ظل شاہ، محمد اشرف، محمد جاوید، لیاقت علی، جعفر حسین، امجد علی، الطاف حسین، محمد رفیع، محمد اشرف منور حسین اور محمد بوٹا کو بجلی کے کھمبوں پر پھندے لگا کر فالکن کا شکار کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے ایک لاکھ 30 ہزار روپے محکمانہ معاوضہ وصول کر لیا۔ ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے ملتان اور گوجرانوالہ کے دونوں ریجنل افسران اور ان کی چھاپہ مار ٹیموں میں شامل دیگر سٹاف کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

وائلڈ لائف

مزید : میٹروپولیٹن 1