انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول ، نیوزی لینڈ فتحیاب ،پاکستان نے ہارنے کی ہیٹ ٹرک بنا ڈالی

انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول ، نیوزی لینڈ فتحیاب ،پاکستان نے ہارنے کی ہیٹ ٹرک بنا ...

 میلبورن (نیٹ نیوز) پاکستان کی چار ملکی انٹرنیشنل ہاکی فیسٹیول میں کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، نیوزی لینڈ نے گرین شرٹس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 گولز سے ہرا کر کامیابی حاصل کی، یہ گرین شرٹس کی ایونٹ میں متواتر تیسری شکست ہے،آخری میچ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم قسمت نے گرین شرٹس کا ساتھ نہ دیا اور بلیک کیپس نے گرین شرٹس کو 3-2 گولز سے ہرا کر کامیابی حاصل کی، اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے فائنل کیلئے بھی کوالیفائی کر لیا، میچ کے چھٹے منٹ میں پاکستان کے عمربھٹہ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی، 18 ویں منٹ میں نیوزی لینڈ کے ہیڈن فلپس نے گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا ، دوسرے ہاف کے 35ویں منٹ میں پاکستان کے عماد بٹ نے گول کر کے ٹیم کو ایک بار پھر برتری دلائی تاہم تین منٹس بعد ہی بلیک کیپس کے جارج موئر نے گول کر کے مقابلہ دوبارہ برابر کر دیا، میچ ختم ہونے سے تین منٹ قبل نیوزی لینڈ کے مارکس چائلڈ نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے جاپان کو 6-1 گولز سے ہرا کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ میزبان آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ فائنل میں آج آمنے سامنے ہوں گی، تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان کا مقابلہ جاپان سے ہو گا ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی