امتیاز علی نے راک اسٹار میں کاسٹ کرکے زندگی بدل دی:نرگس
ممبئی(آن لائن)بالی وڈ فلم راک اسٹار کو ریلیز ہوئے پورے 6 سال گزر گئے، تاہم آج بھی مداحوں کے ساتھ ساتھ فلم کے اداکار اس میں کام کرنے کے تجربے کو نہیں بھولے۔اداکارہ نرگس فخری نے رنبیر کپور کی اس شاندار فلم کے ساتھ ڈیبیو کیا تھا، جنہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے اس فلم کو سائن کیوں کیا اور ان کا تجربہ کیسا رہا۔ نرگس فخری نے کبھی بھی اپنے کیریئر میں ایک مکمل اداکارہ بننے کے بارے میں نہیں سوچا تھا، جبکہ انہوں نے فلم راک اسٹار صرف یہ سوچ کر سائن کی کہ وہ اپنے والدین کی ثقافت کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب میں نے اس پروجیکٹ پر کام کرنے کا ارادہ کیا تو اس وقت میں نے صرف یہی سوچا تھا کہ مجھے ایک نئے ملک جانے کا موقع ملے گا جہاں میں اپنے والد اور والدہ کی ثقافت کو سمجھ پاؤں گی، کیوں کہ فلم کی شوٹنگ شمالی بھارت اور چیک جمہوریہ میں ہورہی تھی تو میں کافی پرجوش تھی۔
خیال رہے کہ نرگس فخری کے والد کا تعلق پاکستان سے ہے جبکہ ان کی والدہ چیک جمہوریہ سے تعلق رکھتی ہیں۔نرگس نے مزید کہا کہ اس فلم کی شوٹنگ ایک خاص سفر تھا جس نے میری زندگی تبدیل کردی، میں ہمیشہ امتیاز علی کی شکر گزار رہوں گی کہ انہوں نے مجھے اس خوبصورت فلم کا حصہ بنایا، انہوں نے میرا انتخاب کرکے میری اور میرے آس پاس موجود لوگوں کی زندگی تبدیل کردی، انہوں نے ایسا کرکے کسی کی جان تک بچائی ہے جس کے بارے میں میں یقیناًایک دن انہیں ضرور بتاں گی۔2011 میں ریلیز ہونے والی فلم راک اسٹار نے واقعی 38 سالہ نرگس فخری کی زندگی تبدیل کردی، وہ اس کے بعد بولی وڈ کی کئی اور فلموں کا بھی حصہ بنی جن میں مدراس کیفے، میں تیرا ہیرو اور بنجو شامل ہیں۔