فلمسٹار میرا کو دوسری شادی سے روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور(نامہ نگار)فیملی سول جج بابرندیم نے فلمسٹار میرا کو دوسری شادی سے روکنے کے لئے دائر درخواست پر فیصلہ 15نومبرتک محفوظ کرلیاہے۔فیملی سول جج نے فلمسٹار میرا کے خلاف عتیق الرحمن کی متحرک درخواست پر ہفتے کے روز فیصلہ دینا تھا لیکن میرا کے وکیل بلخ شیر کھوسہ نے عدالت میں درخواست دائر کی کہ وہ لاہورسے باہر ہیں فیصلہ ان کی موجودگی میں سنایا جائے جس پر عدالت نے 15نومبر تک محفوظ کرلیاہے۔فیملی عدالت میں عتیق الرحمان نے وکیل کی وساطت سے درخواست دے رکھی ہے کہ اداکارہ میرا اس کی منکوحہ ہے ،ایک شادی پر دوسری شادی نہیں کی جا سکتی ۔عدالت میں اداکارہ میرا نے موقف اختیار کررکھا ہے کہ وہ عتیق الرحمن کو نہیں جانتی ،یہ شخص سستی شہرت کی خاطر اس کو تنگ کررہا ہے ،عدالت سے استدعا ہے کہ اس کے دعوے کو خارج کیا جائے۔