غیر رجسٹرڈ غیرملکی طاقت کی ادویات فروخت کرنے پر پابندی عائد
لاہور(نامہ نگار)ڈرگ کورٹ نے لاہور میں غیر رجسٹرڈ غیرملکی طاقت کی ادویات فروخت کرنے پر پابندی عائد کردی،عدالت نے محکمہ صحت کو غیرقانونی کاروبار کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی کا بھی حکم دے دیاہے۔چیئرپرسن ڈرگ کورٹ عذراپروین پر مشتمل تین رکنی ٹربیونل نے زیرسماعت ایک کیس میں ملزم رضوان اشرف کو 3سال ایک ماہ کی سزا دیتے ہوئے بغیر رجسٹرڈ طاقت کی ادویات فروخت کرنے والے افراد کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیاہے۔ تڑبیونل نے اپنے حکم میں لکھا ہے کہ غیررجسٹرڈ اور ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر ادویات کھانا اپنی صحت سے کھیلنے کے مترادف ہے ،عدالت نے مزید کہا کہ محکمہ صحت کو ڈرگ انسپکٹروں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔