پنجاب میں دھند اور سموگ سے زندگی جام ، پروازیں معطل ، ملک میں بارشوں کا سلسلہ آج داخل ہوگا

پنجاب میں دھند اور سموگ سے زندگی جام ، پروازیں معطل ، ملک میں بارشوں کا سلسلہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور /اسلام آباد /ملتان /فیصل آباد /جھنگ (کرائم رپورٹر، کامرس رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز بھی دھند اور سموگ چھائی رہی، بڑے شہروں میں ائرپورٹس پر فلائٹ آپریشن معطل اور موٹر وے کے بھی مختلف سیکشن بندرہے ،ٹرینوں کی آمد و رفت بھی تاخیر کا شکار رہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق آج شب بارشوں کا سلسلہ پاکستان میں داخل ہو کرچاروں صوبوں میں پھیل جائے گا ، سوموارسے منگل خیبرپختونخوا، فاٹا اوراسلام آباد ، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، بہاولپوراورڈیرہ غازی خان ، کوئٹہ، قلات اورمکران ڈویژن اورسندھ کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے جبکہ کشمیر، گلگت بلتستان میں بارش اورپہاڑوں پر برف باری کی بھی پیش گوئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں ۔ساہیوال میں فیصل آباد روڈ پر دھند میں میٹرک کا طالب علم قدیر بس تلے آکرجاں بحق ہوگیا۔ تاندلیانوالہ کے علاقہ اوکاڑہ روڈ پرشدید دھند کے باعث ٹرک اور گاڑی آپس میں ٹکر اگئے، جس کے نتیجے میں متعددافراد زخمی ہوگئے جنہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔صوبائی دارالحکومت میں واپڈا ٹاون کے قریب سواریوں سے بھر ا رکشہ الٹ گیا۔زخمیوں کو ریسکیو 1122کی مدد سے مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔ایف سی کالج کے انڈر پاس میں گاڑی نے موٹرسائیکل سوار فیملی کو ٹکر ماردی،موٹر سائیکل سواراشرف اوراس کے 2بچے شدید زخمی ہوگئے ،جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔سموگ کے باعث مختلف بیماریاں پھیلیں جن میں زیادہ تر نمونیا، دمہ اور آنکھ کی بیماریاں شامل ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق نمونیے نے بچوں اور بزرگوں سمیت 7ہزار سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔ذرائع کے مطابق 931افراد دمے میں مبتلا ہوئے جبکہ 746افراد کی آنکھیں متاثر ہوئیں۔سموگ کے دنوں میں 103افراد نے دل کے عارضے کی شکایت بھی کی۔ طبی ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سموگ جاری رہنے سے مزید افراد بیمار ہوسکتے ہیں۔شدیددھند کے باعث پنڈی بھٹیاں پرموٹروے بند ہونے کی وجہ سے انٹرچینج پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، کوٹ مومن اورگردونواح میں شدید دھند برقرار رہی جس سے حدنگاہ صفرہوگئی، مظفرگڑھ میں پٹرولنگ پولیس کی جانب سے ڈرائیوروں کوفوگ لگائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ملتان ، پاکپتن،جہانیاں،چشتیاں، بھوانہ،جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، کلورکوٹ، گوجرہ ،لودھراں،کبیر والا،چیچہ وطنی،راجن پور،بھکر میں سموگ اور شدید دھند کے باعث حد نگاہ میں کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بعض مقامات پر صفر ہو گئی جس کے باعث موٹر وے کو کئی مقامات پر بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا ہے کہ شہری سموگ و دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضروری سفر کے دوران جی ٹی روڈ کا استعمال کریں اور دوران سفر جی ٹی روڈ پر بھی گاڑی کی رفتار کو انتہائی کم رکھیں کیونکہ جی ٹی روڈ پر ہیوی ٹریفک زیادہ ہوتی ہے ، شہری اپنی گاڑی کے وائپر اور ہیڈلائٹس درست حالت میں رکھیں تاکہ ان کا سفر محفوظ رہ سکے۔دوسری جانب دھند اور سموگ کے باعث پنجاب بھر میں فلائٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ۔لاہور ، ملتان اور اسلام آباد ائیرپورٹ پر فضائی آپریشن متاثر ہوا ۔ لاہور ائیرپورٹ پر دھند کے باعث 22غیر ملکی اور متعددملکی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے ایئرپورٹ پر مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ دھند کے باعث اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی فلائٹ شیڈول متاثر ہوا اور متعدد ملکی اور غیر ملکی فلائٹس منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ خراب موسم کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت بھی تاخیر کا شکار رہی ۔

سموگ/دھند

مزید :

صفحہ اول -