مشرف چلاہوا کارتوس تبصرہ نہیں کرنا چاہتی : مریم اورنگزیب
اسلام آباد (این این آئی) وزیرمملکت برائے اطلاعات،نشریات وقومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پرویز مشرف چلا ہوا کارتوس ہے ٗ کوئی تبصرہ نہیں کر ناچاہتی ٗ مسلم لیگ (ن) کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ٗانصاف کیلئے عوام کی عدالت میں جائینگے ۔ ایک انٹرویو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم انصاف کیلئے عوام کی عدالت میں جائیں گے۔ پانامہ کیس کی سماعت کے دوران حدیبیہ کیس کی بات ہوتی رہی ہے، 8، 9 اور 10 جنوری کے اخبارات پڑھیں تو ان میں معزز جج کے یہ ریمارکس موجود ہیں جس میں انہوں نے ایک وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ حدیبیہ پیپرز کے حوالے سے اپیل کریں لہذا ان کا خود یہ کیس سننا نامناسب ہے ٗان ہی جج صاحب نے پانامہ کیس کا فیصلہ بھی دیا اور جس قسم کے ریمارکس شریف فیملی کے بارے میں دیئے ہیں وہ سب کے علم میں ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ حدیبیہ تیرہ ججوں اور تین عدالتوں سے خارج ہوا کیس ہے اور سیاسی انتقام نظر آرہا۔ آمریت کے سیاہ دور میں یہ کیسز سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے شروع ہوئے تھے۔اس دور میں بھی ان کیسز سے کچھ نہیں مل سکا اب بھی کچھ نہیں ملے گا۔ محمد نواز شریف کے ساتھ عوام کی طاقت ہے ٗآئندہ سال الیکشن کا سال ہے ٗہم عوام کے پاس جائیں گے ٗہمارا ووٹر پوری طرح چارجڈ ہے۔
مریم اورنگزیب