پنجاب میں ہیلتھ کیئر کا نظام بہتر بنایا یہ ہے تبدیلی اور نیا پاکستان : شہباز شریف

پنجاب میں ہیلتھ کیئر کا نظام بہتر بنایا یہ ہے تبدیلی اور نیا پاکستان : شہباز ...

لاہور(نمائندہ خصوصی) پنجاب حکومت اور بین الاقوامی دوا ساز ادارے نوارٹس فارما پاکستان کے مابین آج 4 امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن و سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم شاہ جبکہ نوارٹس فارما پاکستان کی جانب سے کنٹری صدر شہاب رضوی نے مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے۔ معاہدے کی رو سے نوارٹس فارما پاکستان اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے4 امراض میں مبتلا مریضوں کو 6 ارب روپے کی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ مفت ادویات 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فراہم کی جائیں گی اور نوارٹس کی جانب سے ان ادویات کی فراہمی کیلئے فی مریض ایک ڈالررقم کی وصولی کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی اور مریضوں کو مکمل طور پر مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی دوا ساز کمپنی نوارٹس پاکستان اور حکومت پنجاب کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ابتدائی طور پر 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فائدہ پہنچے گا اور ان مریضوں کو چار مختلف امراض ذیا بیطس ، امراض قلب ، بریسٹ کینسر اور سانس کی تکالیف کی ادویات فری دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی معروف کمپنی ہٹاچی (Hitachi)نے شفاف طریقہ کار کے ذریعے ٹینڈر حاصل کیا ہے اور پنجاب میں کوئی بھی کام ٹینڈر کے بغیر نہیں ہو تا ، جس طرح دیگر جگہوں پر ہوتا ہے ۔ سی ٹی سکین مشینوں سے غریب مریض کو 100 فیصد فری سہولت میسر آئے گی ۔ یہ ہے نیا پاکستان اور تبدیلی جو کہ پنجاب میں ہم لائے ہیں ۔ ہم دعوے نہیں کرتے، نعرے نہیں لگاتے ، صرف کام اور خدمت کرتے ہیں ۔ جہاں غلطی ہو وہاں معذرت کر لیتے ہیں ۔ ہم نے اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کی حقیر خدمت کی ہے ۔ دیانت ، امانت اور محنت کے سنہری اصولوں کو اپنایا ہے ۔ اس موقع صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، عائشہ غوث پاشا ، خواجہ عمران نذیر ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور نوارٹس فارما کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔

شہباز شریف

لاہور(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے لاہور میں ہونے والی یوتھ کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وملکی وفود نے ملاقات کی۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن اور ترقی پسند ملک ہے ، جو دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ اور معاشی تعلقات رکھتا ہے۔ سارک جنوبی ایشیا کے ممالک کی تنظیم ہے اور سارک کو خطے میں امن اور تجارت کے فروغ اورفوڈ سیکورٹی کے مسئلے کے حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے ۔ہمیں ، غربت ، جہالت ، افلاس اور بے روزگاری کے خلاف مل کر لڑنا ہے ۔ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنا ہے ۔بلاشبہ لاہور میں یوتھ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے ۔وزیر اعلی شہباز شریف نے غیرملکی وفود سے انگریزی، روسی،جرمن، عربی اور فارسی زبانوں میں بھی گفتگو کی۔صوبائی وزراء سید رضا علی گیلانی، جہانگیر خانزادہ ، معاون خصوصی ملک محمد احمد خان ، مشیر ڈاکٹر عمر سیف ، ایم پی اے حنا پرویز بٹ، چیئر پرسن پنجاب کمیشن برائے ترقی خواتین فوزیہ وقار اور پنجاب کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔دریں اثناء شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں گورنمنٹ آف پنجاب رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ کے توسیعی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کو بہترین علاج معالجہ فراہم کرنے کیلئے رجب طیب اردوان ہسپتال میں 250بستروں کا اضافہ کر رہی ہے اوراس توسیعی منصوبے سے جنوبی پنجاب میں بسنے والی آبادی کو بے پناہ فائدہ پہنچے گااور منصوبہ مکمل ہونے سے عوام کو علاج معالجے کی نئی سہولتیں میسر آئیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر ڈیرہ غازی خان کو ہدایت کی کہ وہ ہفتے میں 2روز سائٹ پر جاکر خود تعمیراتی کاموں کو دیکھیں۔صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، خواجہ عمران نذیر ،ملک مختار احمد بھرت، چیف سیکرٹری، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر پروفیسر سعید اختر، انڈس ہیلتھ نیٹ ورک ٹیم کے ڈاکٹر ظفر زیدی، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہچیئرمین منصوبہ بندی ترقیات اور کمشنر ڈیرہ غازی خان و ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ شہباز شریف نے حضرت امام حسینؓ و شہدائے کربلا کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور بہترین سکیورٹی انتظامات پر کابینہ کمیٹی برائے امن و امان ، پولیس، انتظامیہ اور قانون نافذکرنے والے اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی ہے۔

شہباز شریف

مزید : صفحہ اول