قبل از وقت انتخابات کے مطالبات جمہوریت کے خلافسازش ہیں، اویس نورانی
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ قبل از وقت انتخابات کے مطالبے جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔ سیاست میں خفیہ ہاتھوں کا استعمال روکنا ہو گا۔ جنرل مشرف پاکستان آ کر مقدمات کا سامنا کریں۔ جے یو پی کے سیاسی رابطوں کے خلاف منفی پروپیگنڈہ شر پسندی ہے۔ جے یو پی کی قیادت کی سیاسی ملاقاتوں کے نتیجے میں اہم دینی و قومی مسائل حل ہو رہے ہیں۔ ہم اپنے اسلاف کا امن پسندی کا راستہ نہیں چھوڑیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جے یو پی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا کہ کراچی کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنانے والوں کا زور اور دور ختم ہو رہا ہے۔ کراچی میں ایک بار پھر عاشقان رسول کا دور شروع ہونے والا ہے۔
بھتہ خور مافیا نے شہر قائد کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ سیاسی و جمہوری قوتیں ایک میز پر بیٹھ کر جمہوریت کو درپیش خطرات و خدشات کے تدارک کا مشترکہ لائحہ عمل بنائیں۔ خطرات میں گھرا ہوا پاکستان کسی غیر آئینی اقدام کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔ جے یو پی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ احتساب کی آڑ میں مقبول سیاسی قیادتوں کو سیاست بدر کرنے کی کوششیں خطرناک ہیں۔ سیاست میں غیر سیاسی قوتوں کی مداخلت کا دروازہ ہمیشہ کے لئے بند ہونا چایئے۔ سیاسی قوتوں کے مابین نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے۔