نااہل لوگ عدالتوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں، سراج الحق

نااہل لوگ عدالتوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں، سراج الحق

پشاور(آن لائن)امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نااہل لوگ عدالتوں کو دھمکیاں دے رہے ہیں اور عدالتی فیصلے نہ ماننے کا اعلان کررہے ہیں۔ لگتا ہے عدالتی فیصلے صرف کمزوروں کو تسلیم کرنے پڑیں گے اور جس کے پاس دس ہزار افراد ہوں گے وہ عدلیہ پر چڑھائی کریں گے ۔ متحدہ مجلس عمل کی بحالی کا اصولی فیصلہ ہوا ہے۔ جو دینی جماعتیں سیاست ، جمہوری عمل اور انتخابات میں حصہ لیتی ہیں ان کے ساتھ رابطے کریں گے تاکہ تمام قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جاسکے۔ ایم ایم اے کی بحالی کا مقصد پاکستان کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنا اور قوم کو متحد کرنا ہے۔کرپشن ایک بڑا مسئلہ ہے، پانامہ لیکس میں دینی جماعتوں کے رہنماؤں کے نام شامل نہیں۔ ملک کو کلین اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے۔ پرویز مشرف کے پاکستان واپس آنے اور سیاست میں حصہ لینے سے مسائل پیدا ہوں گے۔ پرویز مشرف دوبئی میں بیٹھے ہیں اور پاکستان میں وہ عدالتوں کو مطلوب ہیں، وہ پاکستان آئیں گے تو نواز شریف کی طرح انہیں بھی عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل لاچی کے گاؤں مندوری میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لئے جانے والوں کی بس کو حادثے کے نتیجے میں شہید ہونے والے ایک ہی گاؤں کے ستائیس افراد کی شہادت پر ان کے لواحقین اور تبلیغی جماعت کے اکابرین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی اور بعد ازاں سابق ایم پی اے ڈاکٹر اقبال فنا کے حجرے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

مزید : صفحہ آخر