جواقوام اپنے رہنماؤں کو یاد رکھتی ہیں وہ کبھی زوال پذیر نہیں ہوتیں،امجد اسلام امجد

جواقوام اپنے رہنماؤں کو یاد رکھتی ہیں وہ کبھی زوال پذیر نہیں ہوتیں،امجد ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)علامہ اقبال ؒ نے نوجوانان پاکستان کیلئے خودی کا جو خواب دیکھا تھا ہمارے نوجوانوں کو چاہئے کہ اس کی تعبیر کے لئے اپنی خودی کو بلند رکھیں اوراپنے اندر ولولہ ،جوش اور جستجو پیدا کریں ۔دولت جائز ذرائع سے حاصل ضرور کریں لیکن اس کے پیچھے مت بھاگیں ۔قائد اعظمؒ اور علامہ اقبال کے سخت ترین ناقدین بھی ان کی دیانت داری کو تسلیم کرتے تھے ۔ ہمارے اکابرین نے اپنی زندگی میں کبھی جھوٹ نہیں بولا اور اور نہ ہی خیانت کی۔ان خیالات کا اظہار چیف ایڈیٹرروزنامہ پاکستان مجیب الرحمن شامی نے الحدید فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام یوم اقبال کے حوالے سے نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں منعقدہ تقریری مقابلہ جات کے اختتام پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ اقبال ؒ نے پاکستان کے نوجوانوں کو خودی کا پیغام دینے کیلئے جس شاہین کا ذکر کیا ہے وہ بلندی پر پرواز کرتا ہے اور کبھی پستی کی طرف نہیں دیکھتا نوجوانوں کو چاہئے کہ علامہ اقبال ؒ کے خودی کے فلسفے کو اپنائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نامور ادیب اور شاعر امجد اسلام امجد نے کہا کہ جو قومیں اپنے رہنماؤں کو یاد رکھتی ہیں انہیں کبھی زوال نہیں آتا ۔پاکستان کو بنانے میں نوجوانوں کا نہایت اہم کردار ہے مگر موجودہ دور میں ہمارے نوجوانوں میں پہلے جیساجوش اور جذبہ نظر نہیں آتا ۔الحدید فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام انٹر سکول اور کالجیٹ تقریری مقابلوں میں لاہور کے 14 نجی وسرکاری یونیورسٹیز ،کالجزکے 18 طلبہ و طالبات جبکہ 10 سکولوں کے 13 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔انٹر یونیورسٹیز ،کالجز کے تقریری مقابلہ جات میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے غلام مصطفیٰ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ سکول لیول پر دی مسیج سکول کی نویرہ بابر نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔تقریب سے پروفیسر ڈاکٹر سعادت سعید اور پیٹرن انچیف الحدید فاؤنڈیشن ڈاکٹر نصراللہ نے بھی خطاب کیا جبکہ رخسانہ پروین ،ڈاکٹر طاہر حمید تنولی سمیت مختلف یونیورسٹیز ،کالجزاور سکولوں کے طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کے اختتام پرچیف ایڈیٹر روز مجیب الرحمان شامی نے تقریری مقابلوں میں اول، دوم اور سوم آنے والے طلبہ میں ایوارڈز تقسیم کئے ۔

مزید : صفحہ آخر