آئیسکو کا صنعتوں کیلئے بجلی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان

آئیسکو کا صنعتوں کیلئے بجلی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد (آئی این پی) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر باسط زمان نے اپنے ماتحت افسران کو ہدایات جاری کیں کہ اسلام آباد میں صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ فوری ختم کر دی جائے۔ یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد سے میٹنگ کے دوران جاری کیں۔ وفد نے چیمبر کے صدر شیخ عامر وحید کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ باسط زمان نے کہا کہ سموگ کی وجہ سے پچھلے دنوں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہوئی تاہم آئیسکو کے پاس بجلی کی وافر مقدار موجود ہے اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ عام حالات میں صنعتوں کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ باسط زمان نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے آئیسکو کال سنٹر قائم کر رہی ہے جس سے شکایات جلد حل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئیسکو مارکیٹوں میں بجلی کے پرانے نظام کومرمت کرنے اور اپ گریڈ کرنے پر کام کر رہی ہے جس سے تاجر برادری کے بجلی سے متعلقہ مسائل بہتر حل ہوں گے۔

مزید : صفحہ آخر