متحدہ کے متعدد رہنما پیپلزپارٹی میں شمولیت چاہتے ہیں، ڈاکٹرعاصم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدراورسابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم کے بہت سے رہنما پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے خواہشمند ہیں۔ہفتہ کومقامی احتساب عدالت میں کرپشن ریفرنسز کی سماعت کے لئے احتساب عدالت پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹرعاصم حسین نے کہا کہ کراچی والوں کو بدظن اور پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، ہم ان کے ساتھ ہیں، جو پارٹیاں کراچی اور صوبے کی سیاست کررہی ہیں انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا خیال ہے کہ پاکستان ٹوٹ جائے گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، ہم نے پاکستان بنایا تھا، ملک ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، پیپلزپارٹی میں شمولیت کے لیے سب کو دعوت عام دیتا ہوں۔