مظلوم مہاجروں کو ظالم بناکر پیش کیا جارہا ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

مظلوم مہاجروں کو ظالم بناکر پیش کیا جارہا ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر پارٹی نے کہا ہے کہ مہاجر سندھ کا پاور بیس ہیں اور ان کی حقیقت اور طاقت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا۔ بدقسمتی سے آج مہاجروں کی وہ مخالفت کررہے ہیں جن کی اپنی شناخت اسی نام کی وجہ سے بنی ۔ مہاجر نہ پہلے صورتحال سے خوفزدہ تھے اور نہ اب خوفزدہ ہوں گے ۔ مہاجر خود ظلم کا شکار رہے ہیں انہیں مظلوم بناکر پیش کرنے والوں کو شرمندگی اور ندامت کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ وہ مرکزی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں بہارالدین شیخ کو سینئر وائس چیئرمین مقرر کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ ہم 35 سالوں سے مہاجر حقوق کے لئے اپنے لوگوں میں بیٹھ کر جدوجہد کررہے ہیں ۔ اب کسی بھی طورپر مہاجروں کو سرنگوں نہیں ہونے دیں گے۔ ہماری خواہش ہے کہ مہاجر آپس میں اختلافی سیاست میں الجھنے کے بجائے باہمی اتحاد کے ذریعے مہاجر دشمن قوتوں کا مقابلہ کریں جو مہاجروں کو دست وگریباں کرکے پوری قومیت کو بدنام کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی ایک شخص نے مہاجر لبادہ اوڑھ کر ملک دشمنی کی ہے تو اس کی سزا پوری قوم کو نہیں ملنی چاہئے بلکہ یہ ایک انفرادی فعل ہے۔ مہاجر پاکستان سے غیر مشروط محبت کرتے ہیں اور پاکستان کی مخالفت کا تصور بھی نہیں کرسکتے لیکن بدقسمتی سے مہاجروں کو دہشت گرد، غدار او رملک دشمن بناکر پیش کیا جارہا ہے۔ سندھ میں وہ عناصر جو علیحدگی پسندی کی تحریک چلاتے رہے اور ملک دشمن سرگرمیوں میں آج بھی ملوث ہیں وہ سب معتبر قرار دے دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہاجر صوبے کے حوالے سے دھمکیاں دینے والے سندھی النسل افراد کیخلاف کارروائی کی جائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول