خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں:نظفر سید ایڈووکیٹ

خیبرپختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں:نظفر سید ایڈووکیٹ

پشاور(خالد خان )خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفرسید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اور زندگی کے ہر شعبے میں یہاں پر ایسے سپوت پیدا ہوئے ہیں جنہوں نے اپنی کارہائے نمایاں سے قوم کا نام فخر سے بلند کیا ہے ۔ وادی پشاور کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہاں پر بہترین کھلاڑی ابھرے ہیں جنہوں نے نہ صرف ملک میں صوبے کا نام روشن کیا ہے بلکہ عالمی سطح پرملک اور قوم کے لئے عزت کمائی ہے اور بیرونی اقوام کے ذہنوں میں پاکستان کے بارے میں جومنفی سوچ اور تصویر کشی بنی تھی اس بارے میں یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان ایک فلاحی و اسلامی اور پرامن ملک ہے جس کے باشندے امن اور آشتی کے خواہاں ہیں۔ کھیلوں اور صوبے کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں سپورٹس جرنلسٹس کا ایک اہم کردار ہے جس سے کسی طور انکار نہیں کیا جاسکتا ۔ امجد عزیز ملک کا بطور ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن جنرل سیکرٹری بلامقابلہ انتخاب ملک کے لئے باالعموم اور خصوصی طور پر اس صوبے کے لئے ایسا اعزاز ہے جس سے ہمار اسر فخر سے بلند ہوا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز پشاور میں ممتاز صحافی اور ایشین سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری امجد عزیز ملک کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا ۔ تقریب کا اہتمام میزان فاؤنڈیشن پاکستان نے کیا تھا جبکہ اس موقع پر سابق صوبائی وزیرآصف اقبال داودزئی ، سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر ذاکر شاہ ، سپورٹس رائٹر ڈاکٹر صلاح الدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب میں کھیل کود سے تعلق رکھنے والے اور دیگر مکتبہ فکر کے حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ امجد عزیزملک جس کا تعلق پشاور سے ہے اور شعبہ صحافت میں انتہائی کلید ی عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں حال ہی میں تیس ممالک پر مشتمل ایشین سپورٹس جنرنلسٹس فیڈریشن کے بلامقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب ہو چکے ہیں اور مذکورہ فیڈریشن میں سپورٹس کے شعبے سے وابستہ نوہزار صحافی حضرات شامل ہیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ باہر ممالک میں پاکستان کی ایک منفی تصویر کشی کی گئی ہے حالانکہ ہم ایک پرامن اور امن چاہنے والے قوم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ہماری حقیقت کا یہ رخ بھی دیکھ لے کہ ہم نے زندگی کے ہر میدان میں اعلیٰ ہیرو پیدا کئے ہیں اور خصوصی طور پر شعبہ کھیل میں وادی پشاور کے سپوتوں نے عالمی سطح پر اپنی کامیابی کے پنجے گاڑ دئیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی سپورٹس جرنلسٹس نہ ہوتے تو دنیا ہمارے ان ہیروز سے بے خبر ہوتی لہذا یہ امجدعزیز ملک جیسے صحافیوں کا کمال ہے جنہوں نے ہمارے کھلاڑیوں کو پروموٹ کیا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امجد عزیزملک باہر ممالک میں ہمارے ملک اور خصوصی طور پر اس صوبے کے بارے میں پائے جانے والے منفی سوچ کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے اور یہاں پر بیرونی صحافیوں کو لاکر ہماری مہمان نواز ی، پیار و محبت اور روایات سے آگاہ کرنے کی کوشش کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب جنرل سیکرٹری عالمی سطح پر صوبے کے کھلاڑیوں کو آگے لانے اورملک کا نام مزید روشن کرنے کے لئے کوششیں تیز کریں اور باہر ممالک میں ہماری ثقافت کا وہ حقیقی چہرہ دیکھائیں جس سے دنیا کو یہ پتہ چلے کہ ہم انتہا پسند نہیں بلکہ پیار بانٹنے والی قوم ہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کہ امجد عزیز ملک اپنے عہدے کا لاج رکھتے ہوئے اس صوبے کے سفیر کے طور پر کام کریں گے اور اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور صحافت کے ذریعے صوبے کے پوشیدہ ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کے لئے کردار ادا کریں گے ۔ تقریب میں صوبائی وزیر نے امجدعزیز ملک کو روایتی پگڑی بھی پہنائی اور ان کو بلا مقابلہ انتخاب پر مبارکبا دی۔

مزید : کراچی صفحہ اول