عوام حکمرانوں کے سیاہ کارناموں اور کرپشن سے بخوبی آگاہ ہیں:محمود خان

عوام حکمرانوں کے سیاہ کارناموں اور کرپشن سے بخوبی آگاہ ہیں:محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مٹہ ( نمائندہ پاکستان)خیبر پختونخوا کے وزیر آبپاشی ، کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ سابقہ وزیر اعظم نواز شریف کی لوٹ مار اگر اس کی درباریوں کو نظر نہیں آرہی تو اپنے آنکھوں کا علاج کریں کیونکہ عوام ان کی سیاہ کارناموں اور لوٹ مار بے بخوبی آگاہ ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف جدوجہد کو کامیاب دیکھ کر پاکستانی عوام میں ایک نیاولولہ اور جوش پیدا ہو گیا ہے اور اب کسی صورت بدعنوان عناصر الیکشن میں کامیابی حاصل نہیں کر سکیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موضع بلوگرام سوات میں ایک عظیم الشان شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک و ماہی پروری محب اﷲ خان ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی مراد سعید ، سلیم الرحمان ، فضل حکیم ، عزیز اللہ گران نے بھی خطاب کیا ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابقہ جنرل سیکرٹری انجینئر عمرفاروق نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت اپنی پارٹی سے مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے ویژن ، عوام کے حقوق کا تحفظ ، کرپشن کے خاتمے کے خلاف جدوجہد میں شریک ہو باقاعدہ اس کا ساتھ شانہ بشانہ رہوں گا ۔محمود خان نے انجینئر عمرفاروق کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انجینئر عمر فاروق کا یہ فیصلہ ان کی دوسروں کے لئے بھی قابل تقلید ہونا چاہیے ۔ صوبائی وزیر نے نوازشریف کے درباریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ مزید شرمندہ ہونے سے بہتر ہے کہ وہ وقت کے تقاضوں کو سمجھیں اور کرپشن ، لوٹ مار کرنے والوں کا ساتھ چھوڑ کر ایک حقیقی دنیا میں آئیں ۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے تمام صوبائی محکموں کو عوام کے سامنے جواب دہ بنا دئیے ہیں جس کی وجہ ہماری مثبت اصلاحات کا پوری دنیا تائید کر رہی ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے ذاتی مفادات کے لئے منصوبے بنائے اور ان منصوبوں اربوں روپے کمیشن وصول کیا ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام عوام پر احسان نہیں بلکہ یہ عوام کے ٹیکسوں سے کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خون پسینے کی کمائی سے اپنی تجوریوں کو بھرنے والوں سے پورا پورا احتساب لیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اداروں کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو اختیارات بھی دئیے اور اب تمام اداروں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے ۔