نئی نسل کو فروغ علم و جدید تقاضوں سے روشناس کرانا ناگزیر ہے :صلاح الدین محسود

نئی نسل کو فروغ علم و جدید تقاضوں سے روشناس کرانا ناگزیر ہے :صلاح الدین محسود

ڈیرہ اسماعیل خان (بیورورپورٹ)انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختون خواہ صلاح الدین خان محسود نے کہا ہے کہ فروغ علم اور جدید تقاضوں سے نئی نسل کو روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ہمارے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں انہیں صرف ہماری راہ نمائی کی ضرورت ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے گومل یونیورسٹی میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ سکیم کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور ۔ رجسٹرار دل نواز خان ۔ریجنل پولیس آفیسر سید فدا حسن۔ ڈی پی او راجہ عبدالصبور ۔محسوس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ریٹائرڈ ڈی آئی جی رحمت اللہ خان محسود۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عرفان اللہ خان محسود ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈ مشن شیخ شفیق الرحمان اور دیگر ماہرین تعلیم بھی اس موقع پرموجود تھے۔انہوں نے کہا کہ علم اور امن کی روشن شمع میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کا خون شامل ہے۔ طلبہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی توجہ حصول علم پر مرکوز رکھیں تاکہ آپ کے والدین۔ اساتذہ اور پوری قوم آپ پر فخر کرے ۔انہوں نے کہا لیپ ٹاپ کے مثبت اور منفی استعمال کا انحصار آپ کی سوچ پر منحصر ہے سوچ مثبت رکھیں ۔ اپنے موقف سے بہتر موقف کی تلاش اور اسکو اپنانے کی سوچ زندگی کے ہر میدان اور معاملہ میں کامیابی کا سبب بنے گی انہوں نے کہا کہ ہمیں امت مسلمہ کا مثالی امیج دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کو مثبت سوچ ہی یقینی بنا سکتی ہے ۔ ہمیں ملک میں اتحاد یکجہتی کی فضا کو ہر سطح پر پروان چڑھانا ہوگا انہوں نے کہا کہ علم ہماری میراث ہے ہمارا ماضی علمی اور تحقیقی میدان میں نئی ایجادات اور مثالی ترقی کا گواہ ہے ایک سازش کے تحت ہمیں علم سے دور اور لسانی نسلی علاقائی تعصب کے قریب کیا جارہا ہے مگر ہمیں بحثیت قوم سازشوں اور سازشی عناصر کو ناکام بنانا ہوگا اخوت بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا اور اپنی تمام تر توانائیاں معیاری تعلیم کے حصول پر صرف کرنی ہونگی انہوں نے کہا کہ گومل یونیورسٹی اس خطہ کی عظیم درسگاہ ہے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور اس ادارہ کی بہتری کے لیئے مثالی انداز سے کوشاں ہیں جس کے مستقبل قریب میں بہترین اثرات مرتب ہونگے انہوں نے اس موقع پر طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے انہوں نے گومل یونیورسٹی کی بہتری کے لیے یونیورسٹی انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گومل یو نیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور نے کہا ہے کہ لیپ ٹاپ سکیم طلبہ میں علم کے فروغ کے حوالے سے مثالی کاوش ہے، طلبہ انٹر نیٹ کو تعلیمی مقاصد کے حصول کے لیئے استعمال کرکے اپنے والدین اور ملک کی نیک نامی کا باعث بنیں انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے لیپ ٹاپ سکیم ایک انتہائی مفید قدم ہے، دنیا بھر کا علم ہماری فنگر ٹپس پر موجود ہے طلبہ تحقیقی سوچ کو اپنائیں اور حکومت کی جانب سے دستیاب وسائل کو اپنے علم میں اضافے اور والدین کی امنگوں کی تکمیل میں صرف کریں ، انہوں نے کہا کہ آپ کے والدین اپنا پیٹ کاٹ کر آپ کو علم فراہم کررہے ہیں،حکومت بھی آپ کو جدید ترین سہولیات فراہم کرنے میں کوشاں ہے اب بھی اگر طلبہ علمی میدان میں پیچھے رہ جاتے ہیں تو اس کی زمہ داری آپ پر عائد ہوگی، انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے حصول کے بعد انٹر نیٹ کااستعمال احتیاط سے کریں ۔

 

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...