مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کی کھلی کچہری ،مسائل کے انبار

مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ کی کھلی کچہری ،مسائل کے انبار

مہمند ایجنسی ( نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، پی اے مہمند کھلی کچہری ہدایات کے مطابق پولیتیکل انتظامیہ کا تعلیمی اداروں اور مراکز صحت پر اچانک چھاپے۔ اے پی اے اپر مہمند حمید اللہ خٹک نے طبی عملے کی غیر حاضری پر تین مراکز صحت سیل کر دیئے۔ سکولوں میں پانی اور فرنیچر نہ ہونے پر اظہار برہمی۔ ہیلتھ اور ایجوکیشن سربراہان کو تین دن کی ڈیڈلائن۔ بصورت دیگر دفاتر میں بیٹھنے نہ دینے کی وارننگ۔ تفصیلات کے مطابق مہمند ایجنسی میں پولیٹیکل ایجنٹ محمود اسلم وزیر نے عوامی کھلی کچہری اور ریڈیو پروگرام میں عوامی مسائل اور شکایات پر سختی سے نوٹس لیکر پولیٹیکل انتظامیہ کو ضروری کاروائی کرنے کی ہدایات جار ی کر دی ہے۔ جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر مہمند حمید اللہ خٹک نے تحصیل حلیمزئی میں مختلف ہسپتالوں اور سکولوں پر اچانک چھاپے مارے۔ سکولوں میں طلباء اور اساتذہ تو موجود تھے مگر بچوں کے بیٹھنے کیلئے ٹاٹ اور فرنیچر دستیاب نہیں تھے۔ جبکہ پانی اور دیگر بنیادی سہولیات نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔ جبکہ تحصیل حلیمزئی میں محکمہ صحت کی غفلت سے تین مراکز صحت بی ایچ یو غازی کور، بی ایچ یو کسئی اور بی ایچ یو میں طبی عملہ غیر حاضر پایا گیا۔ جس پر ایکشن لیکر اے پی اے اپر مہمند نے تینوں مراکز صحت کو تالے لگا کر سیل کر دیا گیا۔ اور ایجنسی سرجن و ایجنسی ایجوکیشن آفیسر کو تین روز کے اندر اصلاحات لانے کی سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں متنبہ کیا کہ اصلاح نہ ہونے کی صوت میں دونوں ذمہ دار افسران کو اپنے دفاتر میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جب تک تعلیمی و صحتی اداروں کو فعال نہ بنایا جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...