سلمان خان، عامر خان، دپیکا پڈکون اور پریانکا چوپڑا ۔۔۔ وہ فلمی ستارے جنہوں نے پوری دنیا میں دھوم مچائی لیکن کیا آپ کو معلوم ہے ان کی تعلیمی قابلیت کتنی ہے ؟ اتنی کم کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) والدین کی طرف سے اپنے بچوں پر پڑھائی کیلئے شدید دباﺅ ڈالا جاتا ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگر ان کے بچے اچھا پڑھ لکھ جائیں گے تو وہ ’ بابو‘ بن جائیں گے لیکن آج ہم آپ کو بالی ووڈ کی ان مثالی شخصیات کی تعلیمی قابلیت بتائیں گے جن کے لاکھوں ، کروڑوں کی تعداد میں مداح موجود ہیں ۔ یہ ایسی شخصیات ہیں جن میں سے بعض تو کبھی کالج ہی نہیں گئیں یا کچھ نے اپنی تعلیم مکمل نہیں کی لیکن پھر بھی وہ اپنی زندگی میں کامیاب ہیں اور لوگوں کیلئے مثال بن چکے ہیں ۔
دپیکا پڈکون
دپیکا پڈکون فی زمانہ بھارت کی سب سے مشہور اداکارہ ہیں لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ انہوں نے صرف ہائی سکول تک تعلیم حاصل کی ہے کیونکہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر میں ہی ماڈلنگ کا آغاز کردیا تھا۔ شروع میں تو دپیکا کو والدین کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا لیکن کچھ ہی عرصے بعد ان کے والدین بیٹی کی رضا میں راضی ہوگئے۔
عامر خان
عامر خان فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کرچکے تھے لیکن انہوں نے بھی ہائی سکول تک تعلیم مکمل کی۔ انہوں نے کالج جانے کی بجائے اپنے چچا ناصر حسین کے سٹوڈیو کا رخ کیا اور بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کا آغاز کردیا۔ آج عامر خان کا نام بالی ووڈ فلم کی کامیابی کی ضمانت بن چکا ہے جبکہ چین میں بھی وہ تمام بھارتی فنکاروں سے زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔
ایشوریہ رائے
دنیا کی حسین ترین عورت ایشوریہ رائے نے بھی کالج کی تعلیم مکمل نہیں ۔ مس ورلڈ کا اعزاز جیتنے سے پہلے ہی ایشوریہ نے ماڈلنگ کا آغاز کردیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے کالج کو بھی خیر باد کہہ دیا تھا۔
سلمان خان
فلمی گھرانے سے تعلق رکھنے والے بالی ووڈ کے بھائی سلمان خان بھی کبھی کالج نہیں گئے، لیکن آج ان کے مداح انہیں سر آنکھوں پر بٹھاتے ہیں، ان کی آئندہ چند روز میں ’ ٹائیگر زندہ ہے‘ فلم ریلیز ہونے والی ہے جس کے بارے میں ناقدین کا خیال ہے کہ یہ 300 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کرلے گی۔
پریانکا چوپڑا
بالی ووڈ کو فتح کرنے کے بعد ہالی ووڈ میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی دیسی گرل بھی اپنی گریجوایشن مکمل نہیں کرپائیں۔ انہوں نے سکول کی تعلیم امریکہ سے حاصل کی جبکہ ممبئی کے جئے ہند کالج میں کریمنل سائیکالوجسٹ بننے کیلئے داخلہ لیا لیکن ماڈلنگ کے کام کے پریشر کے باعث وہ تعلیم جاری نہ رکھ سکیں۔
کرشمہ کپور
90 کی دہائی میں بالی ووڈ میں کرشمہ کپورکے نام کا ڈنکا بجتا تھا، 16 سال کی عمر میں پریم قیدی فلم سے کیریئر کا آغاز کرنے والی کرشمہ کپور کالج تو کیا سکول کی تعلیم بھی مکمل نہیں کرپائیں، انہیں بالی ووڈ کی سب سے کم پڑھی لکھی اداکارہ سمجھا جاتا ہے جس نے چھٹی کلاس میں ہی سکول چھوڑ دیا تھا۔
اکشے کمار
بالی ووڈ کے ملٹی ٹیلنڈ اداکار اکشے کمار جنہیں انڈسٹری کا کھلاڑی بھی کہا جاتا ہے ہر سال 2 سے 3 بلاک بسٹر فلمیں دیتے ہیں ، لیکن ان کی تعلیمی قابلیت یہ ہے کہ مارشل آرٹس کی کلاسز کی وجہ سے انہوں نے ممبئی کے خالصہ کالج کو ہی خیر باد کہہ دیاتھا۔
فلمی ستاروں کی کہانی جان کر اگر کوئی نوجوان بھی انہی کی طرح اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنا چاہتا ہے تو ہمارا مخلصانہ مشورہ ہوگا کہ ایسا قدم اٹھانے سے گریز کریں۔ اگر کوئی ایسا کرنا ہی چاہتا ہے تو پھر اس کے پاس ایک مضبوط پلان ہونا چاہیے جس کے ذریعے وہ زندگی میں بل گیٹس یا مارک زکر برگ بن سکے، یہ نہ ہو کہ غلط منصوبے پر محنت کرکے ناکام ٹھہریں اور کل کو گزر اوقات کیلئے بھی پیسے نہ ہوں۔