عوام میں اپنے حقوق کیلئے بڑھتاہواشعور پی پی ،(ن) لیگ کی سیاسی موت کا سبب بن رہا ہے: مسرت چیمہ

عوام میں اپنے حقوق کیلئے بڑھتاہواشعور پی پی ،(ن) لیگ کی سیاسی موت کا سبب بن ...
عوام میں اپنے حقوق کیلئے بڑھتاہواشعور پی پی ،(ن) لیگ کی سیاسی موت کا سبب بن رہا ہے: مسرت چیمہ

  

لاہور (صباح نیوز)تحریک انصاف ویمن ونگ ایگزیکٹو کونسل کی ممبر مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی جدوجہد سے عوام میں اپنے حقوق کیلئے بڑھتاہواشعور پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی سیاسی موت کا سبب بن رہا ہے ،اگر حکمرانوں کے ہاتھ صاف ہوتے تومزاحمت کی بجائے ثبوت فراہم کئے جاتے ،چور مچائے شور کا فارمولہ ناکام ہو چکا ہے ،ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں کو ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 124کے مرکزی دفتر میں خواتین کارکنوں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ چوری کرنے والا الزامات کے جوابات اور ثبوت دینے کی بجائے الٹا اداروں پر تنقید شروع کر دے ۔حکمران اور ا ن کے حواری اعلیٰ اداروں کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کرکے عوام کی آنکھوںمیں دھول نہیں جھونک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خاتمے اور عوام کو ان کے حقوق کا شعور دینے کیلئے لازوال جدوجہد کی ہے جو سٹیٹس کوکی حامی (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاسی موت کا سبب بن رہا ہے ۔ یہ سلسلہ آگے بڑھتاجائے گا اور آئندہ عام انتخابات میں کرپشن کو فروغ دینے والے اپنے انجام کو پہنچیں گے ۔

مسرت چیمہ نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ایسے نمائندے کا انتخاب کریں جو حکومت میں آکر اپنی جیبیں بھرنے کی بجائے حلقے کے غریب عوام کی آواز بنے اور پارلیمنٹ میں ان کے مسائل کو حل کرائے۔

مزید : لاہور