کرپشن سے ہر شعبہ مفلوج ، خطے کی محرومیاں دور کریں گے : شاہ محمود قریشی

کرپشن سے ہر شعبہ مفلوج ، خطے کی محرومیاں دور کریں گے : شاہ محمود قریشی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتان(سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں۔ حکومتی ویژن کے مطابق بیرون ملک تمام سفارتی میشنز کو ہدایات جاری کی ہیں۔ کفایت شعاری کو اپنائیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کو کم کریں۔ ان کے مسائل حل کریں ، پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار کریں اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156 کی یونین (بقیہ نمبر27صفحہ12پر )
کونسل64 کے دورہ کے موقع پر مختلف شخصیات سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہر حاجی اقبال حسین چاون، مہر حاجی محمد اکرم چاون، رانا گل محمد، رانا محمد ارشد کونسلر، مہر نذر حسین کھکہ ،ملک محمد ریاض درانی، مہر حاجی مظہر سیال، خان غلام عباس بلوچ، سید شوکت رضا بخاری، ملک جہانگیر مہے ،مہر ناصر رضا چاون، پروفیسر مہر اللہ دتہ چاون، مہر محمد سعید چاون، مہر محمد عارف سیال (ایس ڈی واپڈا) علی اکبر خان نیازی سمیت معززین علاقہ موجود تھے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ (ن ) لیگ اور پیپلز پارٹی ساتھ دیں تو جنوبی پنجاب صوبے کا قیام عمل میں لایا جاسکتا ہے۔ اور اس خطے کی محرومیاں دور کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا حیران کن امر یہ ہے ہماری حکومت کو آئے ہوئے ابھی 74 دن گزرے ہیں اور گزشتہ 74 سالو ں کا حساب مانگا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا جس شعبہ میں جائیں وہاں کرپشن کی گئی ہر شعبہ زبو حالی کا شکار ہے۔ عوام تھانہ کچہری کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں۔ تبدیلی کیلئے عمران خان کا ساتھ دیا ہے۔ انشاء اللہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ عمران خان کی قیادت میں ایک مضبوط اور سرسبز پاکستان بنائیں گے۔اس موقع پر یونین کونسل 64کے اہل علاقہ نے مخدوم شاہ محمود قریشی کو اپنے مسائل کی نشاندہی کی جس میں مخدوم شاہ محمود قریشی نے یقین دلایا کہ عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کریں گے۔ اور جتنے فنڈز ہوسکے علاقے کی ترقی پر خرچ کریں گے۔ دریں اثناء مخدوم شاہ محمود قریشی نے یونین کونسل64 میں مختلف مقامات پر جاکر مرحومین کیلئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ موت کا ذائقہ ہر ذی روح نے چکھنا ہے اور ایک دن ہم نے بھی فانی دنیا سے کوچ کرجانا ہے لیکن جتنی باقی زندگی ہے ہماری کوشش ہے کہ جتنا ممکن ہوسکے ملک وقوم کی خدمت کو یقینی بناسکیں ۔ادھر انجمن تاجران گلشن مارکیٹ نیو ملتان الخدمت گروپ کی طرف سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صوبائی مشیر جاوید اختر انصاری کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ تاجروں کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور وہ مدنی چوک پر یوٹرن جلد سے جلد بنوا دیں گے وہ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کر کے وزیراعلیٰ پنجاب سے منظوری کروائیں گے اور اہلیان نیو ملتان کو اس اذیت سے چھٹکارا دلوائیں گے۔ تاجروں کے دیگر مسائل بھی اولین بنیادوں پر حل کریں گے چوہدری سلیم کمبوہ نے کہا کہ گلشن مارکیٹ کے تاجر پریشان ہیں، سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں، تھوڑی بارش سے پانی کھڑا ہو جاتا ہے، تاجر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ان کے مسائل اولین ترجیح پر حل ہونے چاہئیں۔ صدر انجمن تاجران گلشن مارکیٹ چوہدری محمد الیاس نے کہا کہ مدنی چوک پر میٹرو روٹس کی وجہ سے دیوار برلن بنا دی گئی، نیو ملتان کو دو حصوں میں تقسیم اور گلشن مارکیٹ میں کاروبار تباہ ہو گیا ہے۔ تاجر برادری اور اہلیان نیو ملتان دو سال سے سراپا احتجاج ہے لیکن گزشتہ حکومت لالی پوپ دیتی رہی اب ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور ہمیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور صوبائی مشیر حاجی جاوید انصاری کا گلشن مارکیٹ آمد پر شکریہ ادا کرتے ہیں اس موقع پر چوہدری کاشف، شبیہ الحسن، یونس قریشی، رانا محمد ندیم، بابر شاہ، اسرار ڈوگر، رانا عبدالغفار، ملک فضل، اشفاق بھٹہ، فاروق قریشی، اشفاق ندیم ودیگر نے شرکت کی۔ جبکہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے احمد پور سیال سے سابق رکن قومی اسمبلی اور ممتاز سیاستدان نجف خان سیال کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا نجف خان سیال کی وفات خطہ ایک درویش مند سیاستدان سے مرحوم ہو گیا ہے۔ مرحوم کی وفات نہ صرف خاندان کیلئے بلکہ خطے کیلئے بھی ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ مرحوم کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔ دریں اثناء مخدوم شاہ محمود قریشی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی والدہ کی وفات پر رنج و غم کااظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحومہ کی درجات کی بلندی اور اور پسماندگی کیلئے صبر و جمیل کی دعا کی ہے۔
شاہ محمود قریشی