مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے حکومتی سرپرستی نا گزیر‘ عبد اللطیف ملک

مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کیلئے حکومتی سرپرستی نا گزیر‘ عبد اللطیف ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے گروپ لیڈر عبد اللطیف ملک نے کہا ہے کہ برآمدات کے فروغ کیلئے کامیاب ممالک کی پالیسیوں کو سٹڈی کیا جائے ،پاکستانی مصنوعات کی بیرون ممالک بھرپور مارکیٹنگ اور منڈیوں تک رسائی کیلئے حکومتی سرپرستی نا گزیر ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے کارپٹ انڈسٹری سے وابستگی رکھنے والے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انڈسٹری کو درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ عبد اللطیف ملک نے بتایا کہ کارپٹ ایسوسی ایشن برآمدات کے فروغ کیلئے اپنے طور پر بھی کاوشیں کر رہی ہے ۔حال ہی میں چائنہ انٹر نیشنل امپورٹ، ایکسپورٹ فیئر میں شرکت کر کے واپس آنے والے ایسوسی ایشن کے وفد نے بتایا ہے کہ چین کے اعلیٰ حکام اور مقامی تاجروں سے ہونے والی ملاقاتیں انتہائی کامیاب رہی ہیں اور ان میں وفود کے تبادلوں پر اتفاق کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسوسی ایشن کے وفد کو دیگر ممالک میں بھی روانہ کرے تاکہ پاکستانی مصنوعات کی بھرپور تشہیر ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے کامیاب ممالک کی پالیسیوں کو سٹڈی کیا جائے اور ان کے مطابق مراعات اور سہولیات فراہم کر کے اہداف مقرر کئے جائیں ۔ عبد اللطیف ملک نے وفد کو یقین دہانی کرائی ہے کہ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ وزارت سے رابطہ کر کے ان کے حل کے لئے یقین دہانی حاصل کی جائے گی ۔

مزید :

کامرس -