جنگ عظیم اول کے خاتمے کو 100 سال مکمل، دنیا بھر میں تقاریب

جنگ عظیم اول کے خاتمے کو 100 سال مکمل، دنیا بھر میں تقاریب

پیرس،لندن،سڈنی(مانیٹرنگ ڈیسک) جنگ عظیم اول کے خاتمے کے سو سال پورے ہونے پر گزشتہ روز فرانس میں امن کا دن منایا گیا جس میں دنیا بھر سے عالمی قیادت نے شرکت کی ۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ’ورلڈ وار 1 ‘ کی جنگ بندی کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر فرانس میں سرکاری سطح پر جشن منایا گیا جس میں امریکہ ، جرمنی، روس اور ترکی سمیت دنیا بھر کی قیادت کو مدعو کیا گیا تھا۔ فرانس میں ہر سال 11 نومبر کو عام تعطیل بھی دی جاتی ہے۔روسی صدر پوتن، جرمنی کی چانسلر اینجلا مرکل، کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو، ترک صدر طیب اردگان اور اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو تقریب میں شرکت کے لیے پیرس کے یادگاری مقام Arc de Triomphe تک پیدل پہنچے جہاں فرانسیسی صدر نے مہمان گرامی کا استقبال کیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلے تو دورہ فرانس منسو خ کردیا تھا تاہم شدید تنقید کے بعد وہ اپنا فیصلہ تبدیل کرنے پر مجبور ہوئے اور اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ہمراہ پیرس پہنچے۔ امریکی صدر نے اپنے دیگر ہم منصبوں کیساتھ واک کرتے ہوئے یادگاری مقام پر پہنچنے کے بجائے تنہا جانے کو ترجیح دی۔دوسری جانب برطانیہ میں جنگ عظیم اول کے خاتمے کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر شاہی محل میں ملکہ برطانیہ کی موجودگی اور شہزادہ چارلس کی سربراہی میں خصوصی تقریب رکھی گئی جس میں شرکاء نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس دن امن معاہدہ کر کے دنیا کو جنگ کے شعلوں سے نکال کر گل گلزار بنایا۔ادھر آسٹریلیا میں بھی جنگ بندی کے سو سال پورے ہونے کا جشن منایا گیا۔ سب سے بڑی تقریب آسٹریلوی پارلیمنٹ میں رکھی گئی جہاں شرکاء نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور یادگار پر پھول ڈالے۔ وزیراعظم اسٹاک موریسن نے خصوصی خطاب میں دنیا کو امن معاہدے کے سو سال پورے ہونے پر مبارک باد دی۔علاوہ ازیں بھارت میں بھی جنگ بندی کے سو سال پورے ہونے پر خصوصی تقریب رکھی گئی، جنگ عظیم اول کے دوران 74 ہزار ہندوستانی سپاہی ہلاک ہوئے تھے۔ نیوزی لینڈ کے دارالحکومت ویلنگٹن میں بھی جنگ عظیم اول کے خاتمے کی یاد میں توپوں کی سلامی دی گئی۔واضح رہے 1914ء سے 1918ء تک جاری رہنے والی جنگ عظیم اول میں 97 لاکھ سپاہی اور 1 کروڑ سے زائد عام شہری ہلاک ہوئے تھے تاہم 11 نومبر 1918ء کو تاریخی امن معاہدے پر فرانس اور جرمنی کے دستخط کے بعد یہ خوں ریز جنگ ختم ہوئی تھی۔

جنگ عظیم اول

مزید : صفحہ آخر