نواز اور زرداری قصور وار نہیں تو ملک کس نے لوٹا؟علیم خان
لاہور(این این آئی) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام یہ سوال پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ اگر نواز شریف اور آصف زرداری پر لگنے والے الزامات درست نہیں ،انہوں نے کرپشن نہیں کی ،سرکاری مال نہیں کھایا اور وہ دونوں قصور وار نہیں تو اس ملک کو کس نے لوٹا ؟ہزاروں ارب ڈالر کے قرضے کہاں گئے؟اور پاکستان کی موجودہ مقروض معیشت کا ذمہ دار کون ہے؟آج میڈیا پر بیٹھ پر خود کو فرشتے ثابت کرنے والوں کو بتانا چاہیے کہ انہوں نے تین تین بار اقتدار میں رہ کر کس قدر بھاری کمیشن کھائے اور اُن کی اقربا پروری کس عروج پر تھی ،اپنوں کو نوازنے کے انہوں نے کیا ریکارڈ قائم کیے اور قومی سسٹم کو کیوں کر کرپشن ،رشوت خوری اور سفارش کی نذر کیا ۔انہوں نے اپنے حلقے میں لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی مخالفین خاطر جمع رکھیں ان کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی اور انشاء اللہ عوامی مسائل کے حل اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی و خوشحالی کی راہ میں ڈالنے کا پی ٹی آئی کا مشن ضرور کامیاب ہو گا ۔ حکومت شارٹ اور لانگ ٹرم پلاننگ پر عمل پیرا ہے،عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے قائم کردہ پبلک سیکرٹریٹ میں باقاعدہ نظام وضع کر دیا گیا ہے لہذا وہ مختلف محکموں سے متعلق شکایات درج کرائیں۔دریں اثناء سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے شہر میں پارکوں اور مختلف عوامی جگہوں پر شادی کی تقریبات کا نوٹس لے لیا ہے اور ضلعی انتظامیہ اور پی ایچ اے حکام کو اس ضمن میں کاروائی کرنے اور آئندہ اس پریکٹس کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے اجتماعات پودے ،گھاس اور پارکس کی خوبصورتی میں خرابی کا باعث بنتے ہیں لہذا قانون اور ضابطے پر عمل کرتے ہوئے شادیوں کی تقریبات پارکس میں نہ رکھی جائیں ۔