نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، معیشت میں تیزی کا پیش خیمہ ہوگا، محمود الرشید

نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام، معیشت میں تیزی کا پیش خیمہ ہوگا، محمود الرشید

گوجرانوالہ(آئی این پی)صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام انتہائی اہم منصوبہ ہے جس کا مقصد نہ صرف بے گھر لوگوں کی فلاح و بہبود ہے بلکہ یہ ہزاروں بیروزگار افراد کے روزگار کا وسیلہ اور معیشت میں تیزی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا یہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے جس سے کم آمدنی والے افراد مستفید ہو سکیں گے، گھروں کیلئے اراضی حکومت فراہم کریگی جبکہ باقی کام نجی شعبہ انجام دیگا۔وہ بانی رکن رانا ناصر محمود سابق چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف پی پی 54 گوجرانوالہ اور سابق سٹی صدر میر ادریس سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں وسائل کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے مگر ہم عوام کو اپنے وعدے پورے کر کے دکھائیں گے ۔ انہیں سبز باغ نہیں دکھائیں گے ،عمران خان قوم کو بحرانوں سے نکالنے کا گر جانتے ہیں ،گزشتہ حکمرانوں نے غیور پاکستانی قوم کو مغرب کا معاشی غلام بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی البتہ اب ہمیں ڈرنے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں قوم حوصلہ رکھے عمران خان ملک کو ان مشکل حالات سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہونگے موجودہ بحران سے نکلنے اور قرضے کی قسطیں ادا کرنے کیلئے ہمیں تمام آپشنزکو دیکھ کر عوام کے مفاد میں بہتر فیصلہ کرنا ہو گااگر منی لانڈرنگ روک لی جاتی تو آج ہمیں روپے کی بے قدری کا سامنا نہ ہوتا۔ہم نے جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں انکے اثرات جلد نظر آئینگے۔

محمود الرشید

مزید : صفحہ آخر