بجلی کی چوری روکنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی لارہے ہیں ، اب کنڈا اثر نہیں کرے گا ، عمر ایوب

بجلی کی چوری روکنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی لارہے ہیں ، اب کنڈا اثر نہیں کرے گا ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجلی کی ترسیل بہتر بنانے اور بجلی کی چوری روکنے کیلئے نئی ٹیکنالوجی لا رہے ہیں جس پر کنڈا اثر نہیں کرے گا ٗبجلی چوری کرنے والوں میں سے کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی نیت صاف ہے، وہ کابینہ کے ہر اجلاس میں ہدایات دیتے ہیں کہ غریبوں پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سابقہ حکومت نے ہی کیا تھا اور انہی کے فیصلے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ہم نے بجلی کی قیمتوں میں اس قیمت سے کہیں کم اضافہ کیا ہے جوسابق دور حکومت میں نیپرا نے تجویز کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور جن لوگوں نے بجلی کے بل ادا نہیں کئے ان کے میٹر کاٹ دئیے جائیں گے،میں بجلی چوری کرنے والوں اور بجلی کے بل ادا نہ کرنے والوں کو وارننگ دیتا ہوں کہ اپنی حرکات درست کرلیں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سابق حکومت نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں کوئی بہتری نہیں کی لیکن ہم بجلی کی ترسیل کے نظام میں بہتری لائیں گے جس سے لائن لاسز پر قابو پایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے کسانوں کوبجلی پر سبسڈی بھی صرف انتخابات تک دی تھی لیکن اب ہم نے کسانوں کو بھی بجلی پر سبسڈی دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں اب ایسی تاروں کا استعمال کیا جائیگا جن پر کنڈا بھی کام نہیں کر سکے گا اور میٹر سے بجلی چوری کرنے پر سارا فیڈر بند کرنے کی بجائے ایسا نظام لایا جائیگا کہ پیچھے سے میٹر کا سراغ لگا کر بجلی کوبند کیا جا سکے گا۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کرنے والوں میں سے کسی کو بھی نہیں چھوڑیں گے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -