عوام کو درپیش مسائل کا حل حکومت کی اولین تر جیح ، اسد قیصر
اسلام آباد(این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سردیوں میں پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشر پر قابوپانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھانے کی ضرورت ہے ۔ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کو درپیش مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین تر جیحات میں شامل ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے پشاوراور اس کے ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کے کم پریشرکا نوٹس لیتے ہوئے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لیمیٹڈ (SNGPL) کے اعلی احکام کو اس مسئلے کے فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی ۔ اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گیس کے مسئلے پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں پشاور سمیت اس کے ملحقہ علاقوں کے ارکان قومی اسمبلی علی محمد خان،مجاہد خان ،نور عالم خان ،ارباب شیر علی ،ارباب عامر ایوب ، ملک انور تاج ،عثمان خان ترکئی سمیت سوئی گیس کے اعلیٰ حکام جن میں ایم ڈی سوئی ناردرن گیس امجد لطیف جنرل مینجر، SNGPLپشاور ثاقب ارباب اور SNGPLکے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر نے کہ سوئی گیس کے کم پریشر کی وجہ سے پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں کے عوام کو سر دیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مشکلات کے پیش نظر اس مسئلے کا فوری حل ضروری ہے ۔ قبل ازیں پشاور سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی نے سپیکر کو پشاور اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سر دیوں میں گیس کے کم پریشر کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا ۔
اسد قیصر