ق لیگ اتحادی ، کوئی طوفان نہیں آیا ، گلے شکوے تو سنیں گے ، چودھری سرور

ق لیگ اتحادی ، کوئی طوفان نہیں آیا ، گلے شکوے تو سنیں گے ، چودھری سرور

فیصل آباد،لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اگر ان کے کوئی گلے شکوے ہیں تو اسے ضرور سنا جائے گا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران سے اچھے تعلقات ہیں، ایک خاندان میں بھی باتیں ہوجاتی ہیں، ایک ویڈیو منظر عام پر آنے سے کوئی ایسا طوفان نہیں آیا اور کوئی غلط فہمی نہیں۔ پنجاب میں طاقت کا ایک ہی مرکز وزیراعلیٰ پنجاب ہیں اور پی ٹی آئی کے تمام اتحادیوں کے تعاون سے سینیٹ کے دونوں امیدوار کامیاب کروائیں گے۔ طارق بشیر چیمہ کے حلقہ میں کوئی مداخلت نہیں کی، ان کے حلقے سے ملحقہ حلقے میں نعیم وڑائچ کو پارٹی کا امیدوار بنایا۔ تبدیلی کے آثار لوگوں کو بہت جلد نظر آنا شروع ہوجائیں گے، وزیراعظم سمیت ہم سب اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں۔ دریں اثنالاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری سرور نے مزید کہا کہ ہماری پارٹی میں کوئی غلط فہمی نہیں ہے جب کہ چوہدری برادران کے ساتھ کوئی ایشو نہیں۔ 70 سال کا گند دو ماہ میں ٹھیک نہیں کرسکتے، میں نے ایک فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا ہے، مخیر حضرات کے تعاون سے ایک ہفتے میں 5 پلانٹس کا کام شروع کیا ہے،، قیدی بھائیوں کے پینے کے لیے صاف پانی کا انتظام کیا ہے، پنجاب کی 42 جیلوں میں پینے کے صاف پانی کی سہولت دی جائے گی، اگر سابق وزرا بھی جیلوں میں آئے تو ان کو بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ طارق بشیر چیمہ کی باتیں بھی کوئی تضاد کی وجہ نہیں ہیں، ایک فیملی میں بھی کوئی نا کوئی ایشو ہوسکتا ہے۔

مزید : صفحہ اول