پاکستان اور نیوزی لینڈ میں فیصلہ کن ون ڈے بارش کی نذر ، سیریز برابر

پاکستان اور نیوزی لینڈ میں فیصلہ کن ون ڈے بارش کی نذر ، سیریز برابر

دبئی(آئی این پی) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے بارش کے باعث ہار جیت کے بغیر ختم ہوگیا جس کے بعد 3 میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 279رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 92، فخر زمان 65 اور حارث سہیل 60 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں280رنز ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ نے6.5اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی ۔پاکستان کی جانب سے واحد وکٹ شاہین شاہ آفریدی نے لی۔نیوزی لینڈ کے فرگوسن کو مین آف دی میچ اور پاکستان کے نوجوان پیسر شاہین شاہ آفریدی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔گرین شرٹس کی جانب سے فخر زمان اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔64کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پہلی وکٹ گری اور محمد حفیظ 19رنز بنا کر فرگوسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی دوسری وکٹ98رنز کے مجموعی سکور پر گری جب فخر زمان 65رنز بنا کر گرینڈ ہوم کی گیند پر ہینری نکولس کو کیچ دے بیٹھے۔تیسری وکٹ کی شراکت میں حارث سہیل اور بابر اعظم نے 108رنز بنا کر ٹیم کا اسکور 206رنز پر پہنچایا تو حارث سہیل 60رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔گرین شرٹس کو چوتھا نقصان شعیب ملک کی صورت میں ہوا جو 18رنز بنا سکے۔بابر اعظم 92رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور انہیں ٹرینٹ بولڈ نے پویلین کی راہ دکھائی جب کہ اننگز کے آخری اوور میں 3قومی کھلاڑی آؤٹ ہوئے جن میں فہیم اشرف 5، آصف علی 9اور حسن علی 2رنز بنا سکے اور تینوں وکٹیں فرگوسن نے حاصل کیں۔گرین شرٹس مقررہ 50اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 279رنز بنا سکی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے فرگوسن نے 5،ٹرینٹ بولٹ،میٹ ہنری اور گرینڈ ہوم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔280رنز ہدف کے تعاقب میں نیوزی لیند کی جانب سے کولن مینرو اورگارج وورکرنے اننگز کا آغاز کیا۔نیوزی لینڈ کو پہلے ہی اوور میں کولن منرو کی شکل میں نقصان برداشت کرناپڑا ،نوجوان باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کولن منرو کو کلین بولڈ کیا۔نیوزی لینڈ نے6.5اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 35رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہو گئی جس کی وجہ سے میچ روک دیا گیا جو بعدازاں بارش نہ رکنے پر بغیر کسی نتیجے کے ختم کر دیا گیا اور سیریز1-1سے برابری پر ختم ہو گئی۔

مزید : صفحہ اول