آسیہ کی رہائی کو مالیاتی قرضوں کیساتھ مشروط کیا گیا،فضل الرحمن
پشاور(بیورورپورٹ) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آسیہ کیس کو بین الاقوامی دباؤ کے تحت لیا گیا اور رہائی کو مالیاتی قرضوں کے ساتھ مشروط کیا گیا۔پشاور میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس حکومت نے توہین رسالت کے قانون میں ترمیم کرنے کی کوشش کی اور اس قانون کو غیرمؤثر بنا دیا گیا ہے،، آسیہ کی رہائی کیسا فیصلہ ہے جس پر پوری امت کو ٹھیس پہنچی ہے جبکہ برطانیہ کی پارلیمنٹ، چیف جسٹس اور یورپی یونین نے آسیہ کے فیصلے کو سراہا ہے۔ پاکستان ایک نظریاتی ملک ہے اور اسلام اس کا نظریہ ہے لیکن مغربی قوتیں ملک کا اسلامی اور مذہبی تشخص ختم کرنا چاہتی ہیں ہم لاکھوں مسلمانوں کی قربانی کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کو ایک سیکولر اسٹیٹ بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے عمران خان باہر کا مہرہ ہے جسے پختون بیلٹ سے مذہب کو اکھاڑنے کیلئے مسلط کیا گیا لیکن ہم آئین اور قانون کا دفاع کریں گے اور پاکستان کی حفاظت کریں گے۔